| فیضانِ زکاۃ |
سوال:جو زمین کسی کی مشترکہ ملکیت ہوتو عشر کو ن ادا کریگا ؟ جواب:عشر کی ادائیگی میں زمین کا مالک ہونا شرط نہیں ہے بلکہ پیداوار کا مالک ہونا شرط ہے اس لئے جو جتنی پیداوار کا مالک ہو گا وہ اس پیداوار کا عشر ادا کریگا۔فتاویٰ شامی میں ہے کہ ''عشر واجب ہونے کے لئے زمین کا مالک ہو نا شرط نہیں بلکہ پیداوار کا مالک ہونا شرط ہے کیونکہ عشر پیداوار پر واجب ہو تا ہے نہ کہ زمین پر،اور زمین کا مالک ہو نا یا نہ ہونا دو نو ں برابر ہے۔''
(ردالمحتار،کتاب الزکوۃ،باب العشر،ج۳،ص۳۱۴ )
گھریلو پیدوار پرعشر
سوال:گھر یا قبرستان میں جو پیداوار ہو اس پر عشر ہو گا یا نہیں ؟ جواب: گھر یا قبرستان میں جو پیداوار ہو ،اس میں عشر واجب نہیں ہے ۔
(الدرالمختار،کتاب الزکوۃ،مطلب مھم فی حکم اراضی مصر والشام السلطانیۃ،ج۳،ص۳۲۰)
عشر کی ادائیگی سے پہلے اخراجا ت الگ کرنا
سوال:کیاعشرکل پیداوار سے اداکیا جائے گا یا اخراجات وغیرہ نکال کر بقیہ پیداوارسے ادا کیا جائے گا؟ جواب:جس پیداوار میں عشر یا نصف عشر واجب ہو، اس میں کل پیداوار کا عشر یا نصف عشر لیا جائے گا ۔ایسا نہیں ہے کہ زراعت ،ہل ،بیل ،حفاظت کر نے والے اور کام کرنے والو ں کی اجرت یا بیج،کھاداورادویات وغیرہ کے اخراجات نکال کر باقی کا عشر یانصف عشر دیا جائے۔
(الدرالمختار وردالمحتار،کتاب الزکوۃ،مطلب مہم فی حکم اراضی مصر والشام السلطانیۃ،ج۳،ص۳۱۷)