Brailvi Books

فیضانِ زکاۃ
-1 - 149
    زیرنظر کتاب ''فیضانِ زکٰوۃ'' کو مرتب کرنے کے لئے ردالمحتار، الفتاوٰی الھندیۃ، فتاوٰی رضویہ ، بہارِ شریعت ، فتاوٰی فقیہ ملت اور شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت ،بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتہم العالیہ کے مدنی مذاکروں (بالخصوص مدنی مذاکرہ نمبر ۱۰۱، ۱۰۲)سے مواد لیا گیا ہے ۔ اس کتاب میں حتَّی الوَسع زکوٰۃ ، صدقہ فطراور عُشر کے فضائل ومسائل کو انتہائی آسان پیرائے میں عنوانات کے تحت حوالہ جات کے التزام کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ کم علم بھی اس سے فائدہ حاصل کرسکیں ، پھر بھی علم بہت مشکل چیز ہے یہ مُمکِن نہیں کہ علمی دشواریاں بالکل جاتی رہیں ،یقیناً بہت سے مقامات اب بھی ایسے ہوں گے کہ علماء سے سمجھنے کی حاجت ہوگی ۔لہٰذا جو بات سمجھ میں نہ آئے، سمجھنے کے لئے علماء کرام دامت فیوضھم سے رُجوع کیجئے ۔ اس کتاب میں (چند ایک مقامات کے علاوہ)مسائل کے دلائل اور حوالے کی عبارتیں نقل نہیں کی گئیں کیونکہ اوّل تو دلیلوں کاسمجھنا ہر شخص کا کام نہیں، دوسرا: دلیلوں کی وجہ سے اکثرایسی الجھن پڑ جاتی ہے کہ نفسِ مسئلہ سمجھنا دشوار ہوجاتاہے۔ اگر کسی کو دلائل کا شوق ہو توحوالے میں لکھی گئی کُتُب بالخصوص فتاویٰ رضویہ شریف کا مطالعہ کریں کہ الحمدللہ عزوجل اس میں ہر مسئلہ کی ایسی تحقیق کی گئی ہے جس کی نظیر آج دنیا میں موجود نہیں۔ 

     اس اہم کتاب کو نہ صرف خود پڑھئے بلکہ دوسرے مسلمانوں کوبھی پڑھنے کی ترغیب دے کر نیکی کی دعوت کو عام کرنے کا ثواب کمائیے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ''اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش'' کرنے کے لئے مدنی انعامات پر عمل اور مدنی قافلوں کا مسافر بنتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعوتِ اسلامی کی تمام مجالس بشمول مجلس المد ینۃ العلمیۃ کو دن گیارھویں رات بارھویں ترقی عطا فرمائے ۔
آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم 

شعبہ اصلاحی کتب (مجلس المدینۃ العلمیۃ )
Flag Counter