جدہ میں آپ کے برادرطریقت الحاج عبدالحمیدکے مکان پر محفل وعظ کا انعقاد ہوا جس میں آپ نے نہایت ہی رقت انگیز تقریر فرمائی ۔ اس محفل میں قائد اہلسنت مولانا الحاج شاہ احمد نورانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (خلف الصدق حضرت مولانا عبدالعلیم میرٹھی قدس سرہ)نے بھی شرکت فرمائی تھی ۔
دونوں مقامات متبرکہ میں کثیر علماء ومشائخ سے ملاقات فرمائی اوربہتوں نے آپ کو اپنے سلاسلِ طریقت، دلائل الخیرات، حزب البحراور اورادووظائف نیز حدیث کی سندیں واجازتیں مرحمت فرمائیں ۔ حضرت شیخ مفتی محمد سعداللہ المکی نے باوجود ضعف پیری کے آپ کو خود لکھ کر سندیں عطاکیں اوردیگرتبرکات وآثار سے بھی نوازا مولانا الشیخ السید علوی عباس المکی مفتی المالکیہ ومدرس الحدیث بالحرم شریف سے بھی ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
حج کو جاتے وقت مولانا موصوف نے حضور مفتی اعظم ہند رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے شیخ مذکور کے نام ایک تعارفی خط لکھوالیا تھا جس سے توجہات عالیہ کو منعطف کرانے میں مدد ملی ۔ شیخ کی بارگاہ میں پہنچ کر جب آپ نے خط پیش کیا اورشیخ اس جملہ پر پہنچے ھذا تلمیذ تلمیذ الشیخ مولانا احمد رضا خاں الھندی ۔تو فرمایا:عبدالمصطفیٰ آپ ہی ہیں؟آ پ نے عرض کیا :ہاں میں ہی ہوں !پھرتو بڑی ہی گرم جوشی سے معانقہ فرمایا اوردعائیں دیں اورکچھ دیر تک سرکار مرشدی حضور مفتی اعظم ہند دامت برکاتہم القدسیہ کا ذکر کرتے رہے اور سرکاراعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا تذکرہ فرمایا پھر اپنے گھر بلایا۔
جب آپ انکے گھر پہنچے تو وہ آپ کے ساتھ بہت ہی توجہ اورمہربانی سے پیش آئے اور اپنی تمام تصانیف کی ایک ایک جلد عنایت فرما کر صحاح ستہ کی سند حدیث عطافرمائی۔