Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
462 - 466
    مسئلہ۲۷: خدا کے لیے مکان ثابت کرنا کفر ہے کہ وہ مکان سے پاک ہے یہ کہنا کہ اوپر خدا ہے نیچے تم یہ کلمہ کفرہے۔ (1)(خانیہ) 

    مسئلہ۲۸: کسی سے کہا گناہ نہ کر، ورنہ خدا تجھے جہنم میں ڈالے گا اس نے کہا میں جہنم سے نہیں ڈرتا یا کہا خدا کے عذاب کی کچھ پروا نہیں۔ یا ایک نے دوسرے سے کہا تو خدا سے نہیں ڈرتا اُس نے غصہ میں کہا نہیں یا کہا خدا کیا کر سکتا ہے اس کے سوا کیا کر سکتا ہے کہ دوزخ میں ڈا لدے۔ یا کہا خدا سے ڈر اس نے کہا خدا کہاں ہے یہ سب کفر کے کلمات ہیں۔(2) (عالمگیری) 

    مسئلہ۲۹: کسی سے کہا انشاء اﷲ تم اس کام کو کرو گے اس نے کہا میں بغیر انشاء اﷲ کرونگا یا ایک نے دوسرے پر ظلم کیا مظلوم نے کہا خدا نے یہی مقدر کیا تھا ظالم نے کہا میں بغیر اﷲ (عزوجل) کے مقدر کیے کرتا ہوں، یہ کفر ہے۔(3) (عالمگیری) 

    مسئلہ۳۰: کسی مسکین نے اپنی محتاجی کو دیکھ کر یہ کہا اے خدا ! فلاں بھی تیرا بندہ ہے اس کو تو نے کتنی نعمتیں دے رکھی ہیں اور میں بھی تیرا بندہ ہوں مجھے کس قدر رنج وتکلیف دیتا ہے آخر یہ کیا انصاف ہے ایسا کہنا کفر ہے۔ (4)(عالمگیری) 

    حدیث میں ایسے ہی کے لیے فرمایا:
''کاَدَ الفَقْرُاَنْ یکونَ کُفْرًا''(5)
محتاجی کفر کے قریب ہے کہ جب محتاجی کے سبب ایسے نا ملائم کلمات صادر ہوں جو کفر ہیں تو گویا خود محتاجی قریب بکفر ہے۔ 

    مسئلہ۳۱: اﷲ عزوجل کے نام کی تصغیر کرنا(6) کفر ہے، جیسے کسی کا نام عبداﷲ یا عبدالخالق یا عبدالرحمن ہو اسے پکارنے میں آخر میں الف وغیرہ ایسے حروف ملا دیں جس سے تصغیر سمجھی جاتی ہے۔(7) (بحرالرائق) 

    مسئلہ ۳۲: ایک شخص نماز پڑھ رہا ہے اسکا لڑکا باپ کو تلاش کر رہا تھا اور روتا تھا کسی نے کہا چپ رہ تیرا باپ اﷲ اﷲ کرتا ہے یہ کہنا کفر نہیں کیونکہ اسکے معنی یہ ہیں کہ خدا کی یاد کرتا ہے۔ (8)(عالمگیری)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الخانیۃ''،کتاب السیر،باب مایکون کفرا...إلخ،ج۲،ص۴۷۰.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب التاسع فی احکام المرتدین،ج۲،ص۲۶۰،۲۶۲.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۶۱.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۶۲.

5۔۔۔۔۔۔''شعب الایمان''، باب فی الحث علی ترک الغل والحسد،الحدیث۶۶۱۲،ج۵،ص۲۶۷.

6۔۔۔۔۔۔یعنی بگاڑنا۔

7۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب السیر،باب أحکام المرتدین،ج۵،ص۲۰۳.

8۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب التاسع فی أحکام المرتدین،ج۲،ص۲۶۳.
Flag Counter