Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
316 - 466
    مسئلہ ۹: آٹھ رکعت ظہر کی منّت مانی تو آٹھ واجب نہ ہونگی بلکہ چارہی پڑھنی پڑیں گی اور اگر یہ کہا کہ مجھے اﷲ تعالیٰ دو سو روپے دیدے تو مجھ پر اُنکے دس روپے زکوٰۃ ہے تودس۱۰روپے زکوٰۃ کے فرض نہ ہونگے بلکہ وہی پانچ ہی فرض رہیں گے۔ (1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۰: سو ۱۰۰روپے خیرات کرنے کی منّت مانی اور اوس کے پاس اوس وقت اتنے نہیں ہیں تو جتنے ہیں اوتنے ہی کی خیرات واجب ہے ہاں اگر اُسکے پاس اسباب (2)ہے کہ بیچے تو سو روپے ہوجائیں گے تو سو کی خیرات ضرور ہے اور اسباب بیچنے پر بھی سو ۱۰۰ نہ ہونگے تو جوکچھ نقد ہے وہ اور تمام سامان کی جو کچھ قیمت ہو وہ سب خیرات کردے منّت پوری ہوگئی اور اگر اوسکے پاس کچھ نہ ہو تو کچھ واجب نہیں۔ (3)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۱: یہ منّت مانی کہ جمعہ کے دن اتنے روپے فلاں فقیر کو خیرات دوں گا اور جمعرات ہی کو خیرات کردیے یا اوس کے سوا کسی دوسرے فقیر کو دیدیے منّت پوری ہوگئی یعنی خاص اوسی فقیر کو دینا ضرور نہیں نہ جمعہ کے دن دینا ضرور۔ یوہیں اگر مکہ معظمہ یامدینہ طیبہ کے فقرا پر خیرات کرنے کی منّت مانی تو وہیں کے فقرا کو دینا ضروری نہیں بلکہ یہاں خیرات کردینے سے بھی منّت پوری ہوجائیگی۔ یوہیں اگرمنّت میں کہا کہ یہ روپے فقیروں پر خیرات کروں گا تو خاص اونھیں روپوں کا خیرات کرنا ضرور نہیں اوتنے ہی دوسرے روپے دیدئیے منّت پوری ہوگئی۔(4) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۲: جمعہ کے دن نماز پڑھنے کی منّت مانی اور جمعرات کو پڑھ لی منّت پوری ہوگئی یعنی جس منّت میں شرط نہ ہو اوس میں وقت کی تعیین کا اعتبار نہیں یعنی جووقت مقرر کیا ہے اس سے پہلے بھی ادا کرسکتا ہے اور جس میں شرط ہے اوس میں ضرور ہے کہ شرط پائی جائے بغیر شرط پائی جانیکے ادا کیا تو منّت پوری نہ ہوئی شرط پائی جانے پر پھر کرنا پڑیگا مثلاً کہا اگر بیمار اچھا ہوجائے تو دس روپے خیرات کرونگا اور اچھا ہونے سے پہلے ہی خیرات کردیے تو منّت پوری نہ ہوئی اچھے ہونے کے بعد پھر کرنا پڑے گا ۔ باقی جگہ اور روپے اور فقیروں کی تخصیص(5) دونوں میں بیکار ہے خواہ شرط ہو یانہ ہو(6)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۳: اگر میرا یہ کام ہوجائے تو دس۱۰ روپے کی روٹی خیرات کروں گا تو روٹیوں کا خیرات کرنا لازم نہیں یعنی کوئی دوسری چیز غلّہ وغیرہ دس۱۰ روپے کا خیرات کرسکتا ہے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ دس روپے نقد دیدے۔ (7)(درمختار)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔'' الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الأیمان،الباب الثانی فیمایکون یمیناومالایکون یمینا...إلخ ، الفصل الثانی ،ج ۲ ،ص۶۵.

2۔۔۔۔۔۔یعنی سامان وغیرہ۔

3۔۔۔۔۔۔'' الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الأیمان ، الباب الثانی فیمایکون یمیناومالایکون یمینا...إلخ ، الفصل الثانی ،ج ۲ ،ص۶۵.

4۔۔۔۔۔۔'' الدر المختار''،کتاب الأیمان،ج۵،ص۵۴۵ وج۳،ص۴۸۷.

5۔۔۔۔۔۔یعنی فقیروں کومخصوص کرنا۔

6۔۔۔۔۔۔''الدر المختار''و''ردالمحتار''،کتاب الأیمان ، مطلب: فی احکام النذر ،ج ۵ ص۵۳۷،۵۴۰.

7۔۔۔۔۔۔''الدر المختار''،کتاب الایمان ، ج ۵ ، ص ۵۴۶.
Flag Counter