Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
280 - 282
بیٹے پر ہے۔ یوہیں اگر اُس کے پاس اعلیٰ درجہ کی سواری ہے تو یہ حکم دیا جائے گا کہ بیچ کر کم درجہ کی سواری خریدے اور جو بچے نفقہ میں صرف کرے پھر اس کے بعد دوسرے پر نفقہ واجب ہوگا یہی احکام اولاد و دیگر محارم کے بھی ہیں۔(1) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۹۹: زوجہ کے سوا کسی اور کے نفقہ کا قاضی نے حکم دیا اور ایک مہینہ یا زیادہ زمانہ گزرا تو اس مدت کا نفقہ ساقط ہوگیا اور ایک مہینے سے کم زمانہ گزرا ہے تو وصول کرسکتے ہیں اور زوجہ بہر حال بعد ِحکم قاضی وصول کرسکتی ہے۔ اور اگر نفقہ نہ دینے کی صورت میں اُن لوگوں نے بھیک مانگ کر گزر کی جب بھی ساقط ہو جائے گا کہ جو کچھ مانگ لائے وہ اُن کی ملک ہوگیا تو اب جب تک وہ خرچ نہ ہولے حاجت نہ رہی۔(2) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۰۰: غیر زوجہ جس کے نفقہ کا قاضی نے حکم دیا تھا اُس نے قاضی کے حکم سے قرض لے کر کام چلایا تو نفقہ ساقط نہ ہوگا یہاں تک کہ اگر قرض لینے کے بعد اُس شخص کا انتقال ہوگیا جس پر نفقہ فرض ہواتو وہ قرض ترکہ سے ادا کیا جائے گا۔ (3)(درمختار) 

    مسئلہ ۱۰۱: لونڈی غلام کا نفقہ اُن کے آقاپر ہے وہ مدبرہوں یا خالص غلام چھوٹے ہوں یا بڑے اپاہج ہوں یا تندرست اندھے ہوں یا انکھیارے (4) اور اگر آقا نفقہ دینے سے انکار کرے تو مزدوری وغیرہ کر کے اپنے نفقہ میں صرف کریں اور کمی پڑے تو مولیٰ سے لیں بچ رہے تو مولیٰ کو دیں اور کما بھی نہ سکتے ہوں تو غیر مدبروام ولد میں مولیٰ کو حکم دیا جائے گا کہ اُن کو نفقہ دے یا بیچ ڈالے اور مدبر وام ولدمیں نفقہ پر مجبور کیا جائے گا اور اگر لونڈی خوبصورت ہے کہ مزدوری کو جائے گی تو اندیشہ فتنہ ہے تو مولیٰ کو حکم دیا جائے گا کہ نفقہ دے یا بیچ ڈالے۔(5) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۰۲: غلام کو اُس کا آقا خرچ نہیں دیتا اور کمانے پر بھی قادر نہیں یا مولیٰ کمانے کی اجازت نہیں دیتا تو مولیٰ کے مال سے بقدرِ کفایت(6) بلا اجازت لے سکتا ہے۔ ورنہ بلا اجازت لینا جائز نہیں اور اگر مولیٰ کھانے کو دیتا ہے مگر بقدر کفایت نہیں دیتا تو بلا اجازت مولیٰ کا مال نہیں لے سکتا ممکن ہو تو مزدوری کرکے وہ کمی پوری کر لے۔(7) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۰۳: لونڈی غلام کانفقہ روٹی سالن وغیرہ اور لباس اُس شہر کی عام خوراک و پوشاک کے موافق ہونا
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب السابع عشرفی النفقات، الفصل الخامس،ج۱، ص۵۶۷. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الدر المختار'' و''رد المحتار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، مطلب: في مواضع ... إلخ، ج۵، ص۳۷۷. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، ج۵، ص۳۷۸ ۔ ۳۸۰. 

4۔۔۔۔۔۔بینا،درست آنکھوں والے۔

5۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب السابع عشرفی النفقات، الفصل السادس،ج۱، ص۵۶۸.

6۔۔۔۔۔۔یعنی اتنی مقدارجواس کی ضروریات کوکافی ہو۔

7۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، ج۵، ص۳۸۳.
Flag Counter