Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
261 - 282
    مسئلہ ۴: عورت کامقام بند ہے جس کے سبب سے وطی نہیں ہو سکتی یا دیوانی ہے یا بوہری، تو نفقہ واجب ہے۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ ۵: زوجہ کنیزہے یا مدبرہ یا ام ولد تونفقہ واجب ہونے کے ليے تَبوِیہ شرط ہے یعنی اگر مولیٰ کے گھر رہتی ہے تو واجب نہیں۔ (2)(جوہرہ) 

    مسئلہ ۶: نکاحِ فاسد مثلاً بغیر گواہوں کے نکاح ہو تو اس میں یا اس کی عدت میں نفقہ واجب نہیں۔ یوہیں وطی بالشبہہ میں اور اگر بظاہر نکاح صحیح ہوا اور قاضی شرع نے نفقہ مقرر کر دیا بعد کو معلوم ہوا کہ نکاح صحیح نہیں مثلاًوہ عورت اس کی رضاعی بہن ثابت ہوئی تو جوکچھ نفقہ میں دیا ہے واپس لے سکتا ہے اور اگر بطور خود بلا حکمِ قاضی(3)دیا ہے تو نہیں لےسکتا۔(4)(جوہرہ ، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۷: انجانے میں عورت کی بہن یا پھوپھی یا خالہ سے نکاح کیا بعد کو معلوم ہوا اور تفریق ہوئی تو جب تک اس کی عدت پوری نہ ہوگی عورت سے جماع نہیں کرسکتا مگر عورت کانفقہ واجب ہے اور اُس کی بہن، پھوپی، خالہ کا نہیں اگرچہ ان عورتوں پر عدت واجب ہے۔(5) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۸: بالغہ عورت جب اپنے نفقہ کا مطالبہ کرے اور ابھی رخصت نہیں ہوئی ہے تو اُس کا مطالبہ درست ہے جبکہ شوہر نے اپنے مکان پر لے جانے کو اُس سے نہ کہا ہو۔ اور اگر شوہر نے کہا تُو میرے یہاں چل اور عورت نے انکار نہ کیا جب بھی نفقہ کی مستحق ہے اور اگر عورت نے انکار کیا تو اس کی دوصورتیں ہیں اگر کہتی ہے جب تک مہرِ معجل نہ دوگے نہیں جاؤنگی جب بھی نفقہ پائے گی کہ اُس کا انکار نا حق نہیں اور اگر انکار نا حق ہے مثلاً مہرِ معجل ادا کر چکا ہے یا مہر معجل تھا ہی نہیں یا عورت معاف کرچکی ہے تو اب نفقہ کی مستحق نہیں جب تک شوہر کے مکان پر نہ آئے۔ (6)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۹: دخول ہونے کے بعداگر عورت شوہر کے یہاں آنے سے انکار کرتی ہے تو اگر مہرِ معجل کا مطالبہ کرتی ہے کہ دے دو تو چلوں تو نفقہ کی مستحق ہے، ورنہ نہیں۔ (7)(درمختار)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، ج۵، ص۲۸۶. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب النفقات، الجزء الثانی ، ص۱۰۸.

3۔۔۔۔۔۔قاضی کے حکم کے بغیر۔

4۔۔۔۔۔۔''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب النفقات، الجزء الثاني، ص۱۰۸.

و''ردالمحتار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، مطلب: لاتجب علی الاب ... إلخ، ج۵، ص۲۸۸. 

5۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب السابع عشر فی النفقات، الفصل الاول، ج۱، ص۵۴۷.

6۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق ،ص۵۴۵.

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ ،ج۵، ص۲۸۶.
Flag Counter