مسئلہ ۱۷: شوہر نے اختیار دیا عورت نے جواب میں کہا میں نے اپنے کو بائن کیا یا حرام کردیا یا طلاق دی تو جواب ہوگيا اور ایک بائن طلاق پڑگئی۔(1) (عالمگيری)
مسئلہ ۱۸: شوہر نے تین بار کہا تجھے اپنے نفس کا اختیار ہے عورت نے کہا میں نے اختیار کیا یا کہا پہلے کو اختیار کیا یا بیچ والے کو یا پچھلے کو یا ایک کو بہر حال تین طلاقیں واقع ہوں گی۔ اور اگر اس کے جواب میں کہا کہ میں نے اپنے نفس کو طلاق دی یا میں نے اپنے نفس کو ایک طلاق کے ساتھ اختیار کیا یا میں نے پہلی طلاق اختیار کی تو ایک بائن واقع ہوگی۔ (2)(تنویرالابصار)
مسئلہ ۱۹: شوہر نے تین مرتبہ کہا مگر عورت نے پہلی ہی بار کے جواب میں کہہ دیا میں نے اپنے نفس کواختیار کیا تو بعد والے الفاظ باطل ہوگئے۔ یوہیں اگر عورت نے کہا میں نے ایک کو باطل کر دیا تو سب باطل ہوگئے۔(3) (عالمگیری)
مسئلہ ۲۰: شوہر نے کہا تجھے اپنے نفس کا اختیار ہے کہ تو طلاق دیدے عورت نے طلاق دی تو بائن واقع ہوئی۔ (4)(درمختار)
مسئلہ ۲۱: عورت سے کہا تین طلاقوں میں سے جوتو چاہے تجھے اختیار ہے تو ایک یا دو کا اختیار ہے تین کا نہیں۔(5) (عالمگیری)
مسئلہ ۲۲: عورت کو اختیار دیا اُس نے جواب میں کہا میں تجھے نہیں اختیار کرتی یا تجھے نہیں چاہتی یا مجھے تیری حاجت نہیں تو یہ سب کچھ نہیں اور اگر کہا میں نے یہ اختیارکیا کہ تیری عورت نہ ہوں تو بائن ہوگئی۔(6) (عالمگیری)
مسئلہ ۲۳: کسی سے کہا تو میری عورت کو اختیار دیدے تو جب تک یہ شخص اُسے اختیار نہ دے گا عورت کو اختیار حاصل نہیں اور اگر اُس شخص سے کہا تو عورت کو اختیار کی خبر دے تو عورت کو اختیار حاصل ہوگيا اگرچہ خبر نہ کرے۔ (7)(درمختار)