Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
128 - 282
    مسئلہ۱۴: عورت نے خاوند سے کہا مجھے تین طلاقیں دیدے اس نے کہا دی تو تین واقع ہوئیں اور اگر جواب میں کہا تجھے طلاق ہے تو ایک واقع ہوگی اگرچہ تین کی نیت کرے۔ (1)(خانیہ وغیرہا) 

    مسئلہ ۱۵: عورت نے کہا مجھے طلاق دیدے مجھے طلاق دیدے مجھے طلاق دیدے اس نے کہا دیدی تو ایک ہوئی اور تین کی نیت کی تو تین۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ۱۶: عورت نے کہا میں نے اپنے کو طلاق دے دی شوہر نے جائز کردی تو ہوگئی۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۷: کسی نے کہا تو اپنی عورت کو طلاق دیدے اس نے کہا ہاں ہاں طلاق واقع نہ ہوئی اگرچہ بہ نیت طلاق کہا کہ یہ ایک وعدہ ہے۔(4) (فتاویٰ رضویہ) 

    مسئلہ ۱۸: کسی نے کہا جس کی عورت اُس پر حرام ہے وہ یہ کام کرے اُن میں سے ایک نے وہ کام کیا تو عورت حرام ہونے کا اقرار ہے۔ یوہیں اگر کہا جس کی عورت مُطلقہ ہو وہ تالی بجائے اور سب نے بجائی تو سب کی عورتیں مُطلقہ ہو جائیں گی۔ کسی نے کہا اب جو بات کرے اُس کی عورت کو طلاق ہے پھر خود اسی نے کوئی بات کہی تو اس کی عورت کو طلاق ہوگئی اور اوروں نے بات کی تو کچھ نہیں۔ یوہیں اگر آپس میں ایک دوسرے کو چپت (5)مارتا تھا اور کسی نے کہا جواب چپت مارے اُس کی عورت کو طلاق ہے اور خود اسی نے چپت ماری تو اس کی عور ت کو طلاق ہوگئی۔ (6)(درمختار، ردالمحتار)
کنايہ کا بیان
    کنایہ طلاق وہ الفاظ ہیں جن سے طلاق مراد ہونا ظاہر نہ ہو طلاق کے علاوہ اور معنوں میں بھی اُن کا استعمال ہوتا ہو۔ 

    مسئلہ ۱: کنایہ سے طلاق واقع ہونے میں یہ شرط ہے کہ نیت طلاق ہو یا حالت بتاتی ہو کہ طلاق مراد ہے یعنی پیشتر
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الخانیۃ''، کتاب الطلاق، الفصل الأول في صریح الطلاق، ج۱، ص۲۰۷ وغیرہا.

2۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' ، کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، ج۴، ص۵۱۲. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' ، کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، ج۴، ص۵۱۲.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الرضویۃ''، کتاب الطلاق، ج۱۲، ص۳۷۹ . 

5۔۔۔۔۔۔طمانچہ،تھپڑ۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، مطلب: فیما لو ... إلخ، ج۴، ص۵۱۳.
Flag Counter