Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
121 - 282
    مسئلہ ۲۶: اگر کہا (۷۶)تجھے طلاق ہے یہاں سے ملک شام تک تو ایک رجعی ہوگی۔ ہاں اگر یوں کہا کہ(۷۷) اتنی بڑی یا اتنی لمبی کہ یہاں سے ملک شام تک تو بائن ہوگی۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۷: اگر کہا (۷۸)تجھے مکہ میں طلاق ہے یا (۷۹) گھرمیں یا (۸۰) سایہ میں یا (۸۱) دھوپ میں تو فوراً پڑجائے گی، یہ نہیں کہ مکہ کو جائے جب پڑے ہاں اگر یہ کہے میر ا مطلب یہ تھا کہ جب مکہ کو جائے طلاق ہے تو دیانۃً یہ قول معتبر ہے قضاء ً نہیں اور اگر کہا تجھے قیامت کے دن طلاق ہے توکچھ نہیں بلکہ یہ کلام لغو ہے اور اگر کہا(۸۲) قیامت سے پہلے تو ابھی پڑجائے گی۔ (2)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۸: اگر کہا (۸۳)تجھے کل طلاق ہے تو دوسرے دن صبح چمکتے ہی طلاق ہو جائے گی۔ یوہیں اگر کہا (۸۴) شعبان میں طلاق ہے توجس دن رجب کا مہینہ ختم ہوگا، اُس دن آفتاب ڈوبتے ہی طلاق ہوگی۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۲۹: اگر کہا تجھے میری پیدائش سے یا تیری پیدائش سے پہلے طلاق یا کہا میں نے اپنے بچپن میں یا جب سوتا تھا یا جب مجنون تھا تجھے طلاق دیدی تھی اور اس کا مجنون ہونا معلوم ہو تو طلاق نہ ہوگی بلکہ یہ کلام لغو ہے۔ (4)(درمختار) 

    مسئلہ ۳۰: کہا کہ (۸۵) تجھے میرے مرنے سے دو ۲مہینے پہلے طلاق ہے اور دو۲مہینے گزرنے نہ پائے کہ مرگیا تو طلاق واقع نہ ہوئی اور اس کے بعد مرا تو ہو گئی اور اُسی وقت سے مُطلقہ قرار پائے گی جب اُس نے کہا تھا۔(5) (تنویر الابصار) 

    مسئلہ ۳۱: اگر کہا میرے نکاح سے پہلے تجھے طلاق یا کہا کل گزشتہ میں حالانکہ اُس سے نکاح آج کیا ہے تو دونوں صورتوں میں کلام لغو ہے اور اگر دوسری صورت میں کل یا کل سے پہلے نکاح کرچکا ہے تو اس وقت طلاق ہو گئی۔(6) (فتح وغیرہ) یوہیں اگر کہا (۸۶)تجھے دو ۲مہینے سے طلاق ہے اور واقع میں نہیں دی تھی تو اس وقت پڑیگی بشرطیکہ نکاح کو دو ۲ مہینے سے کم نہ ہوئے ہوں ورنہ کچھ نہیں اور اگر جھوٹی خبر کی نیت سے کہا تو عنداﷲ نہ ہوگی مگر قضاءً ہوگی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج۴، ص۴۶۵.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج۴، ص۴۶۵ ۔ ۴۶۷. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' ،کتاب الطلاق، باب الصریح، ج۴، ص۴۶۸ . 

4۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج۴، ص۴۷۱. 

5۔۔۔۔۔۔ ''تنویر الابصار''، کتاب الطلاق، باب الصریح، ج۴، ص۴۷۲.

6۔۔۔۔۔۔ ''فتح القدیر''،کتاب الطلاق، فصل فی اضافۃ الطلاق... الخ، ج۳، ص۳۷۱،۳۷۲، وغیرہ.
Flag Counter