مسئلہ ۷۰: غلام کو کنیز رکھنے کی اجازت نہیں اگرچہ اس کے مولیٰ نے اجازت دے دی ہو۔ (1) (درمختار)
مسئلہ ۷۱: پانچ عورتوں سے ایک عقد کے ساتھ نکاح کیا، کسی سے نکاح نہ ہوا اور اگر ہر ایک سے علیحدہ علیحدہ عقد کیا تو پانچویں کا نکاح باطل ہے، باقیوں کا صحیح۔ يوہيں غلام نے تین عورتوں سے نکاح کیا تو اس میں بھی وہی دو صورتیں ہیں۔ (2) (عالمگیری)
مسئلہ ۷۲: کافر حربی نے پانچ عورتوں سے نکاح کیا، پھر سب مسلمان ہوئے اگر آگے پیچھے نکاح ہوا تو چار پہلی باقی رکھی جائیں اور پانچویں کو جدا کر دے اور ایک عقد تھا تو سب کو علیحدہ کر دے۔ (3) (عالمگیری)
مسئلہ ۷۳: دو عورتوں سے ایک عقدمیں نکاح کیا اور ان میں ایک ایسی ہے جس سے نکاح نہیں ہوسکتا تو دوسری کا ہوگيا اور جو مہرمذکور ہوا وہ سب اسی کو ملے گا۔ (4) (درمختار)
مسئلہ ۷۴: متعہ حرام ہے (5)۔ يوہيں اگر کسی خاص وقت تک کے ليے نکاح کیا تو یہ نکاح بھی نہ ہوا اگرچہ دو سو ۲۰۰ برس کے ليے کرے۔ (6) (درمختار)
مسئلہ ۷۵: کسی عورت سے نکاح کیا کہ اتنے دنوں کے بعد طلاق دے دے گا ،تویہ نکاح صحیح ہے یا اپنے ذہن میں کوئی مدّت ٹھہرالی ہو کہ اتنے دنوں کے ليے نکاح کرتا ہوں مگر زبان سے کچھ نہ کہا تو یہ نکاح بھی ہوگيا۔ (7) (درمختار)
مسئلہ ۷۶: حالتِ احرام میں نکاح کر سکتا ہے مگر نہ چاہیے۔ يوہيں محرم (8) اُس لڑکی کا بھی نکاح کر سکتا ہے جو اس کی ولایت (9)میں ہے۔ (10) (عالمگیری)