مسئلہ ۶۳: دوسرے کی منکوحہ سے نکاح کیا اور یہ معلوم نہ تھا کہ منکوحہ ہے تو عدّت واجب ہے اور معلوم تھا تو عدّت واجب نہیں۔ (1) (عالمگیری)
مسئلہ ۶۴: جس عورت کو زنا کا حمل ہے اس سے نکاح ہوسکتا ہے، پھر اگر اسی کا وہ حمل ہے تو وطی(2) بھی کر سکتا ہے اوراگردوسرے کا ہے تو جب تک بچہ نہ پيدا ہولے وطی جائز نہیں۔ (3) (درمختار)
مسئلہ ۶۵: جس عورت کا حمل ثابت النسب ہے اُس سے نکاح نہیں ہوسکتا۔ (4) (عالمگیری)
مسئلہ ۶۶: کسی نے اپنی ام ولد حاملہ کا نکاح دوسرے سے کر دیا تو صحیح نہ ہوا اور حمل نہ تھا تو صحیح ہوگيا۔ (5) (عالمگیری)
مسئلہ ۶۷: جس باندی سے وطی کرتا تھا اس کا نکاح کسی سے کر دیا نکاح ہوگيا مگر مالک پر استبرا واجب ہے یعنی جب اس کا نکاح کرنا چاہے تو وطی چھوڑ دے یہاں تک کہ اُسے ایک حیض آجائے بعدِ حیض نکاح کر دے اور شوہر کے ذمہ استبرا نہیں، لہٰذا اگراستبرا سے پہلے شوہر نے وطی کرلی تو جائز ہے مگر نہ چاہیے اور اگر مالک بیچنا چاہتا ہے تو استبرا مستحب ہے واجب نہیں۔ زانیہ سے نکاح کیا تو استبرا کی حاجت نہیں۔ (6) (درمختار)
مسئلہ ۶۸: باپ اپنے بیٹے کی کنیزِ شرعی سے نکاح کرسکتا ہے۔ (7) (عالمگیری)