235 نبیذ: وہ مشروب جس میں کھجوریں ڈالی جائیں جس سے پانی میٹھا ہو جائے مگر(اعضاکو)سست کرنے والااور نشہ آورنہ ہو،نشہ آور ہو تو اس کاپینا حرام ہے (الفتاوی الخانیۃ،ج۱،ص۹) 236 نجش : نجش یہ ہے کہ کوئی شخص مبیع(بیچی جانے والی چیز)کی قیمت بڑھائے اورخود خریدنے کاارادہ نہ رکھتا ہو اس سے مقصود یہ ہوتا ہے کہ دوسرے گاہک کو رغبت پیدا ہواور قیمت سے زیادہ دے کر خریدلے اور یہ حقیقتہً خریدار کو دھوکا دینا ہے۔ (بہارشریعت ،ج۲،حصہ۱۱،ص۷۲۳) 237 نذر،نذرشرعی : نذراصطلاح شرع میں وہ عبادت مقصودہ ہے جوجنس واجب سے ہواوروہ خود بندہ پرواجب نہ ہو،مگربندہ نے اپنے قول سے اسے اپنے ذمہ واجب کرلیاہومثلاً یہ کہا کہ میرا یہ کام ہوجائے تو دس رکعت نفل ادا کروں گا اسے نذر شرعی کہتے ہیں۔ (ماخوذازفتاوی امجدیہ، حصہ ۲،ص۳۱۲) 238 نذرِعرفی، نذر لغوی : اولیاء اللہ کے نام کی جونذرمانی جاتی ہے اسے نذرِ(عرفی اور)لغوی کہتے ہیں اس کامعنی نذرانہ ہے جیسے کوئی شاگرد اپنے استاد سے کہے کہ یہ آپ کی نذرہے یہ بالکل جائز ہے یہ بندوں کی ہوسکتی ہے مگراس کاپورا کرناشرعاًواجب نہیں مثلاًگیارہویں شریف کی نذراورفاتحہ بزرگان دین وغیرہ۔(ماخوذازجاء الحق، ص ۳۱۴) 239 نفاس : وہ خون جوبالغہ عورت کے رحم سے بچہ پیداہونے کے بعد نکلتاہے اسے نفاس کہتے ہیں ۔ (نورالایضاح،ص۴۱) 240 نفقہ : وہ اخرجات جو شوہر پر بیوی کو دینے واجب ہیں کھانا،کپڑے،رہائش وغیرہ۔ (القاموس الفقہی،ص۳۵۸) 241 نکاح شِغار: ایک شخص نے اپنی لڑکی یابہن کانکاح دوسرے سے کردیااوردوسرے نے اپنی لڑکی یا بہن کانکاح اس سے کردیااورہرایک کا مَہر دوسرے کانکاح ہے۔ (بہارشریعت،ج۲، حصہ ۷، ص ۶۶) 242 نکاح فاسد : ایسا نکاح جس میں نکاح صحیح کی شرطوں میں سے کوئی ایک شرط نہ پائی جائے مثلاًبغیرگواہوں کے نکاح کرنا۔ (ردالمحتار،ج۵،ص۴۳) 243 نکاح فضولی : وہ نکاح جوکوئی شخص کسی مرد یاعورت کااس کی اجازت کے بغیرجبکہ وہ موجود نہ ہوکسی دوسری عورت یامرد سے کردے تویہ نکاح نکاحِ فضولی ہے۔ (ماخوذمن ردالمحتار،ج۴،ص۲۱۴)