Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دوم (2)
294 - 432
اتنا ہی حصہ ڈال سکتا ہے جتنا دھو چکا ہے کہ اس کے سارے بدن پر حَدَث ہے۔ 

    مسئلہ ۳۵: جب سو کر اُٹھے تو پہلے ہاتھ دھوئے ، اِستنجے کے قبل بھی اور بعد بھی۔ (1) 

    مسئلہ ۳۶: کم سے کم تین تین مرتبہ داہنے بائیں، اوپر نیچے کے دانتوں میں مِسواک کرے اور ہر مرتبہ مِسواک کو دھولے اور مِسواک نہ بہت نرم ہو نہ سَخْت اور پیلو یا زیتون یا نیم وغیرہ کَڑوِی لکڑی کی ہو۔ میوے یا خوشبودار پھول کے درخت کی نہ ہو۔ چُھنگلِیا کے برابر موٹی اور زیادہ سے زیادہ ایک بالشت لنبی ہواور اتنی چھوٹی بھی نہ ہو کہ مِسواک کرنا دشوار ہو ۔جو مِسواک ایک بالشت سے زیادہ ہو اس پر شیطان بیٹھتا ہے۔ (2) مِسواک جب قابلِ استعمال نہ رہے تو اسے دفن کر دیں یا کسی جگہ اِحْتِیاط سے رکھ دیں کہ کسی ناپاک جگہ نہ گرے کہ ایک تو وہ آلہ ادائے سنت ہے اس کی تعظیم چاہیئے ،دوسرے آبِ دَہنِ مسلِم ناپاک جگہ ڈالنے سے خود محفوظ رکھنا چاہیئے ،اسی لیے پاخانہ میں تُھوکنے کو علما نے نامناسب لکھا ہے۔ 

    مسئلہ ۳۷: مِسواک داہنے ہاتھ سے کرے اور اس طرح ہاتھ میں لے کہ چھنگلیا مِسواک کے نیچے اور بیچ کی تین انگلیاں اوپر اور انگوٹھا سرے پر نیچے ہو اور مُٹھی نہ باندھے۔ (3) 

    مسئلہ ۳۸: دانتوں کی چوڑائی میں مِسواک کرے لنبائی میں نہیں، چِت لیٹ کر مِسواک نہ کرے۔ (4) 

    مسئلہ ۳۹: پہلے داہنی جانب کے اوپر کے دانت مانجھے ، پھر بائیں جانب کے اوپر کے دانت ، پھر داہنی جانب کے نیچے کے ، پھر بائیں جانب کے نیچے کے۔ (5) 

    مسئلہ ۴۰: جب مِسواک کرنا ہو تواسے دھولے۔ یوہیں فارغ ہونے کے بعد دھو ڈالے اور زمین پر پَڑی نہ چھوڑ دے بلکہ کھڑی رکھے اور ریشہ کی جانب اوپر ہو۔ (6) 

    مسئلہ ۴۱: اگر مِسواک نہ ہو تو اُنگلی یا سنگین کپڑے سے دانت مانجھ لے۔ یوہیں اگر دانت نہ ہوں تو اُنگلی یا کپڑا مسوڑوں پر پھیر لے۔ (7)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطہارۃ، ارکان الوضوء أربعۃ، ج۱، ص۲۴۳. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و''ردالمحتار''، کتاب الطہارۃ، مطلب في دلالۃ المفہوم، ج۱، ص۲۵۰. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الأول في الوضوء، الفصل الثاني، ج۱، ص۷. 

و ''الدرالمختار'' و''ردالمحتار''، کتاب الطہارۃ، مطلب في دلالۃ المفہوم، ج۱، ص۲۵۰. 

4۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''کتاب الطہارۃ،ج۱، ص۲۵۱.         5۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۲۵۰. 

6۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و''ردالمحتار''، مطلب في دلالۃ المفہوم، ج۱، ص۲۵۱. 

7۔۔۔۔۔۔ ''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب الطہارۃ، ص۶، و ''الدرالمختار''، کتاب الطہارۃ، ارکان الوضوء أربعۃ، ج۱، ص۲۵۳.
Flag Counter