Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
410 - 660
کے ناجائز ہونے میں کیا کلام کہ گھٹنے کا کھلا ہونا حرام ہے اور بہت لوگوں کے کُرتے کی آستینیں کہنی کے اوپر ہوتی ہیں یہ بھی خلافِ سنت ہے اور یہ دونوں کپڑے نصاریٰ کی تقلید میں پہنے جاتے ہیں، اس چیز نے ان کی قباحت میں اور اضافہ کردیا۔ 

    اﷲ تعالٰی مسلمانوں کی آنکھیں کھولے، کہ وہ کفار کی تقلید او ر ان کی وضع قطع سے بچیں۔ حضرت امیرالمومنین فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کا ارشاد جو آپ نے لشکریوں کے لیے بھیجا تھا، جن میں بیشتر حضرات صحابہ کرام تھے، اس کو مسلمان پیش نظر رکھیں اور عمل کی کوشش کریں اور وہ ارشاد یہ ہے:
اِیَّاکُمْ وَزِیَّ الْاَعَاجِمِ(1)
    عجمیوں کے بھیس سے بچو، ان جیسی وضع قطع نہ بنا لینا۔ 

    مسئلہ ۴: ریشم کے کپڑے مرد کے لیے حرام ہیں، بدن اور کپڑوں کے درمیان کوئی دوسرا کپڑا حائل ہو یا نہ ہو، دونوں صورتوں میں حرام ہیں اور جنگ کے موقع پر بھی نرے ریشم کے کپڑے حرام ہیں، ہاں اگر تانا سوت ہو اور بانا ریشم تو لڑائی کے موقع پر پہننا جائز ہے اور اگر تانا ریشم ہو اور بانا سوت ہو تو ہر شخص کے لیے ہر موقع پر جائز ہے۔ مجاہد اور غیر مجاہد دونوں پہن سکتے ہیں۔ لڑائی کے موقع پر ایسا کپڑا پہننا جس کا بانا ریشم ہو اس وقت جائز ہے جبکہ کپڑا موٹا ہو اور اگر باریک ہو تو ناجائز ہے کہ اس کا جو فائدہ تھا، اس صورت میں حاصل نہ ہوگا۔ (2) (ہدایہ، درمختار) 

    مسئلہ ۵: تانا ریشم ہو اور بانا سوت، مگر کپڑا اس طرح بنایا گیا ہے کہ ریشم ہی ریشم دکھائی دیتا ہے تو اس کا پہننا مکروہ ہے۔ (3) (عالمگیری)بعض قسم کی مخمل ایسی ہوتی ہے کہ اس کے روئیں ریشم کے ہوتے ہیں، اس کے پہننے کا بھی یہی حکم ہے، اس کی ٹوپی اورصدری (4)وغیرہ نہ پہنی جائے۔ 

    مسئلہ ۶: ریشم کے بچھونے پر بیٹھنا ،لیٹنا اور اس کا تکیہ لگانا بھی ممنوع ہے، اگرچہ پہننے میں بہ نسبت اس کے زیادہ برائی ہے۔ (5) (عالمگیری)مگر درمختار میں اسے مشہور کے خلاف بتایا ہے (6)اور ظاہر یہی ہے کہ یہ جائز ہے۔ 

    مسئلہ ۷: ٹسر، کہ ایک قسم کے ریشم کا نام ہے، بھاگلپوری کپڑے ٹسر کے کہلاتے ہیں۔ وہ موٹا ریشم ہوتا ہے، اس کا حکم بھی وہی ہے، جو باریک ریشم کا ہے۔ کاشی سلک اور چینا سلک بھی ریشم ہی ہے، اس کے پہنے کا بھی وہی حکم ہے۔ سن اور رام بانس
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''المقاصد الحسنۃ'' للسخاوی،حرف الھمزۃ، رقم :۲۷۲،ص۱۴۲.

2۔۔۔۔۔۔ ''الھدایۃ''،کتاب الکراھیۃ، فصل في اللبس،ج۲،ص۳۶۵. 

و''الدرالمختار''،کتاب الحظر والإباحۃ، فصل في اللبس،ج۹،ص۵۸۰. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الکراھیۃ، الباب التاسع في اللبس ما یکرہ...إلخ،ج۵،ص۳۳۱. 

4۔۔۔۔۔۔ یعنی واسکٹ۔

5۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الکراھیۃ، الباب التاسع في اللبس ما یکرہ...إلخ،ج۵،ص۳۳۱.

6۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''،کتاب الحظر والإباحۃ، فصل في اللبس،ج۹،ص۵۸۷.
Flag Counter