Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
380 - 660
اور بھوک سے مرگیا تو گنہگار ہوگا۔ (1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۳: کھانے میں پسینہ ٹپک گیا یا رال ٹپک پڑی یا آنسوگر گیا وہ کھانا حرام نہیں ہے، کھایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح اگر پانی میں کوئی پاک چیز مل گئی اور اس سے طبیعت کو نفرت پیدا ہوگئی وہ پیاجاسکتا ہے۔ (2) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۴: روٹی میں اگر اُپلے کا ٹکڑا (3)ملا اور وہ سخت ہے تو اتنا حصہ توڑ کر پھینک دے، پوری روٹی کو نجس نہیں کہا جائے گا اور اگر اس میں نرمی آگئی ہے تو بالکل نہ کھائے۔ (4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۵: نالی وغیر ہ کسی ناپاک جگہ میں روٹی کا ٹکڑا دیکھا تو اس پر یہ لازم نہیں کہ اسے نکال کر دھوئے اور کسی دوسری جگہ ڈال دے۔ (5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۶: گیہوں (6)کے ساتھ آدمی کا دانت بھی چکی میں پس گیا، اس آٹے کو نہ خود کھاسکتا ہے نہ جانوروں کو کھلا سکتا ہے۔ (7) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۷: گوشت سڑ گیا تو اس کا کھانا حرام ہے۔ (8) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۸: باغ میں پہنچا وہاں پھل گرے ہوئے ہیں، تو جب تک مالکِ باغ کی اجازت نہ ہو پھل نہیں کھاسکتا اور اجازت دونوں طرح ہوسکتی ہے۔ صراحۃً اجازت ہو، مثلاً مالک نے کہہ دیا ہو کہ گرے ہوئے پھلوں کو کھاسکتے ہو یا دلالۃً اجازت ہو یعنی وہاں ایسا عرف و عادت ہے کہ باغ والے گرے ہوئے پھلوں سے لوگوں کو منع نہیں کرتے۔ 

    درختوں سے پھل توڑ کر کھانے کی اجازت نہیں، مگر جبکہ پھلوں کی کثرت ہو معلوم ہو کہ توڑ کر کھانے میں بھی مالک کو ناگواری نہیں ہوگی تو توڑ کر بھی کھاسکتا ہے، مگر کسی صورت میں یہ اجازت نہیں کہ وہاں سے پھل اٹھا لائے۔ (9) (عالمگیری) ان سب صورتوں میں عرف و عادت کا لحاظ ہے اور اگر عرف و عادت نہ ہو یا معلوم ہو کہ مالک کو ناگواری ہوگی تو کھانا جائز نہیں۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الکراھیۃ،الباب الحادي عشر في الکراھیۃ،ج۵،ص۳۳۸. 

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

3۔۔۔۔۔۔وہ گوبر جس کو جَلانے کے لیے سُکھاتے ہیں اس کا ٹکڑا۔

4۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الکراھیۃ،الباب الحادي عشر في الکراھیۃ،ج۵،ص۳۳۹.

5۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

6۔۔۔۔۔۔ گندم۔

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الکراھیۃ،الباب الحادي عشر في الکراھیۃ،ج۵،ص۳۳۹.

8۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.         9۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.
Flag Counter