Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
293 - 357
مزارِع کے، یہ صورت جائز ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ گیہوں بونے کی صورت میں مزارَعت ہے اور جو بونے کی صورت میں عاریت ہے اور اگر یہ کہہ کر زمین دی کہ گیہوں بوئے تو نصف نصف اور جو بوئے تو یہ کل مالکِ زمین کے، اس کا حکم یہ ہے کہ گیہوں بونے کی صورت میں مزارَعت ہے اور جائز ہے اور جو بوئے تو یہ کل مزارِع کے ہوں گے اور مالکِ زمین کو زمین کی اُجرتِ مثل یعنی واجبی لگان دیا جائے۔ (1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۶: یہ کہہ کر زمین دی کہ اگر گیہوں بوئے تو نصف نصف اور جو بوئے تو مالکِ زمین کے لیے ایک تہائی اور مزارِع کے لیے دو تہائیاں اور تل بوئے تو مالکِ زمین کی ایک چوتھائی باقی مزارِع کی، یہ صورت جائز ہے جو کچھ بوئے گا اسی شرط کے موافق تقسیم ہوگی۔ (2)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۷: ایک شخص کو تیس برس کے لیے زمین دے دی کہ گیہوں یا جَو یا جو کچھ ربیع یا خریف کی پیداوار ہو دونوں میں برابر تقسیم ہوگی اور اس زمین میں مزارع جو درخت لگائے گا وہ ایک تہائی مالکِ زمین کا باقی مزارِع کا، یہ جائز ہے وہ جو کچھ بوئے یاجس قسم کے درخت لگائے اسی شرط کے موافق کیا جائے گا۔(3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۸: مزارَعت میں یہ شرط ہوئی کہ اگر مزدور سے کام لیا جائے گا تو اس کی اُجرت مزارِع کے ذمہ ہوگی یہ جائز ہے اور اگر یہ شرط ہو کہ مزدوری مالکِ زمین کے ذمہ ہوگی یہ ناجائز ہے اور مزارعت فاسد۔ یوہیں اگر یہ شرط ہو کہ مزدوری مزارِع دے گا مگر جو کچھ اُجرت میں صرف ہوگا اس کے عوض کا غلہ نکال کر باقی کو تقسیم کیا جائے گا یہ بھی ناجائز۔(4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۹: مزارَعت میں ایسی شرط تھی جس کی وجہ سے مزارعت فاسد ہوگئی تھی اور وہ شرط جس کے لیے مفید تھی اس نے عمل سے پہلے شرط باطل کر دی مثلاً یہ شرط تھی کہ مالکِ زمین یا مزارِع بیس روپے اور نصف پیداوار لے گا جس کو یہ روپے ملتے اوس نے یہ شرط باطل کر دی تو اب یہ مزارَعت جائز ہوگئی اور اگر وہ شرط دونوں کے لیے مفید ہو تو جب تک دونوں اس شرط کو باطل نہ کریں فقط ایک کے باطل کرنے سے مزارَعت جائز نہ ہوگی۔ (5)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۰: کاشتکار نے کھیت جوت لیا(6)اب مالکِ زمین کہتا ہے میں بٹائی پر بوانا (7)نہیں چاہتا اگر بیج کاشتکار کے ذمہ ہیں تو مالکِ زمین کو انکار کرنے کا کوئی حق نہیں اس سے زمین جبراً لی جائے گی اور کاشتکار بوئے گا اور اگر بیج مالکِ زمین
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب المزارعۃ،الباب الثالث فی الشروط...إلخ،ج۵، ص۲۴۷.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۴۸.    3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.        5۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۴۵.

6۔۔۔۔۔۔یعنی ہل چلادیا۔        7۔۔۔۔۔۔تقسیم پر کاشت کرانا۔
Flag Counter