Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
258 - 357
    مسئلہ ۷: ہبہ بشرط العوض میں بعد تقابضِ بدلین شفیع نے شفعہ کی تسلیم کی اس کے بعد اون دونوں نے یہ اقرار کیا کہ ہم نے اُس عوض کے مقابل میں بیع کی تھی اب شفیع کو شفعہ کا حق نہیں ہے اور اگر ہبہ بغیر عوض میں بعد تسلیم شفعہ اون دونوں نے ہبہ بشرط العوض یا بیع کا اقرار کیا تو شفعہ کرسکتا ہے۔(1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۸: شفعہ کے فیصلہ سے پہلے شفیع مرگیا شفعہ باطل ہوگیا یعنی اس میں میراث نہیں ہوگی کہ وہ مرگیا تو اس کا وارث اس کے قائم مقام ہو کر شفعہ کرے اور فیصلہ کے بعد شفیع کا انتقال ہوا تو شفعہ باطل نہیں ہوا۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۹: مشتری یا بائع کی موت سے شفعہ باطل نہیں ہوتا بلکہ شفیع اون کے وارثوں سے مطالبہ کریگا کہ یہ اُن کے قائم مقام ہیں اور مشتری کے ذمہ اگر دَین ہے تو اُس کی ادا کے لیے یہ جائداد نہیں بیچی جائے گی۔ قاضی یا وصی نے بیع کر دی ہو تو شفیع اس بیع کو باطل کر دے گا اور اگر مشتری نے یہ وصیّت کی ہے کہ فلاں کو دی جائے تو یہ وصیت بھی شفیع باطل کر دے گا۔ (3)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۰: جس جائداد کے ذریعہ سے شفعہ کرتا ہے قبل فیصلہ شفیع نے وہ جائداد بیع کر دی حق شفعہ باطل ہوگیا اگرچہ اس جائداد کی بیع کا اُسے علم نہ تھا جس پر شفعہ کرتا۔ یوہیں اگر اُس کو مسجد یا مقبرہ کر دیا یا کسی دوسری طرح وقف کر دیا اب شفعہ نہیں کرسکتا اور اگر اُس جائداد کو بیع کر دیا مگر اپنے لیے خیار شرط رکھا ہے تو جب تک خیار ساقط نہ ہو شفعہ باطل نہیں ہوگا۔ (4)(ہدایہ، درمختار) 

    مسئلہ ۱۱: شفیع نے اپنی پوری جائداد نہیں فروخت کی ہے بلکہ آدھی یا تہائی بیچی الغرض کچھ باقی ہے تو شفعہ کا حق بدستور قائم ہے۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۲: شفیع نے مشتری سے وہ جائداد خرید لی اس کا شفعہ باطل ہوگیا دوسرا شخص جو اس کی برابر کا ہے یعنی مثلاًیہ بھی شریک ہے وہ بھی شریک ہے یا اس سے کم درجہ کا ہے یعنی یہ شریک ہے وہ پروسی ہے یہ شفعہ کرسکتا ہے اور اختیار ہے کہ پہلی بیع کے لحاظ سے شفعہ کرے یا دوسری بیع جو مشتری و شفیع کے مابین ہوئی ہے اس کے لحاظ سے شفعہ کرے۔(6) (درمختار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الشفعۃ، الباب التاسع فیما یبطل بہ...إلخ،ج۵،ص۱۸۲.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الشفعۃ،باب ما یُبطلھا،ج۹،ص۴۰۱.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار'' و''ردالمحتار''،کتاب الشفعۃ،باب ما یبطلھا،ج۹،ص۴۰۱.

4۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الشفعۃ،باب ما یبطل بہ الشفعۃ،ج۲،ص۳۲۱.

و''الدرالمختار''،کتاب الشفعۃ،باب ما یبطلھا،ج۹،ص۴۰۲.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الشفعۃ، الباب التاسع فیما یبطل بہ...إلخ،ج۵،ص۱۸۴.

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الشفعۃ،باب ما یبطلھا،ج۹،ص۴۰۲.
Flag Counter