Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
95 - 186
    مسئلہ ۴۸: موہوب چیزمیں تغیرپیدا ہوگیا یعنی اب دوسری چیز ہوگئی یہ بھی مانع رجوع ہے مثلاًگیہوں کا آٹا پسوا لیا یا آٹا تھا اس کی روٹی پکالی دودھ تھا اُ سکوپنیر بنالیا یا گھی کرلیا۔(1) (عالمگیری)

    مسئلہ ۴۹: کڑیاں(2)ہبہ کی تھیں اُس نے چیر پھاڑ کر ایندھن بنالیا یاکچی اینٹیں ہبہ کی تھیں توڑ کر مٹی بنا لی رجوع کرسکتا ہے اور ا س مٹی کی پھر اینٹیں بنالیں تو رجوع نہیں کرسکتا۔(3) (عالمگیری)

    مسئلہ ۵۰: روپیہ ہبہ کیا تھا پھر موہوب لہ سے وہی روپیہ قرض لے لیا اب اس کو کسی طرح رجوع نہیں کرسکتا اور اگر موہوب لہ نے اُس روپیہ کو صدقہ کردیا مگر ابھی فقیر نے قبضہ نہیں کیا ہے تو واہب (4)واپس لے سکتا ہے۔(5)(عالمگیری)
 (رجوع کے مسائل)
    مسئلہ ۵۱: ہبہ میں رجو ع کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ دونوں کی رضامندی سے چیز واپس ہو یا حاکم نے واپسی کا حکم دیدیا ہو لہٰذا قاضی کے حکم کرنے کے بعد اگر واہب نے چیز کو طلب کیا اور موہوب لہ نے انکار کردیا اور اُس کے بعد وہ شے ضائع ہوگئی تو موہوب لہ کو تاوان دینا ہوگا کہ اب اُسے روکنے کا حق نہ تھا اوراگر قاضی کے حکم سے قبل یہ بات ہوئی تو اُس پر تاوان واجب نہیں کہ اوسے روکنے کا حق تھا۔ یوہیں اگر موہوب لہ نے بعد حکم قاضی اُسے روکا نہیں بلکہ ابھی تک واہب نے مانگا نہیں اور موہوب لہ کے پاس ہلاک ہوگئی تو تاوان واجب نہیں۔ (6) (درمختار، بحر)

    مسئلہ ۵۲: قضائے قاضی یا طرفین کی(7)رضا مندی سے جب اُس نے رجوع کرلیا تو عقدہبہ بالکل فسخ ہوگیا اور واہب کی پہلی مِلک عود کرآئی(8)یہ نہیں کہا جائے گاکہ جدید مِلک حاصل ہوئی لہٰذا مالک ہونے کے لیے واہب کے قبضہ کی ضرورت نہیں اور مشاع میں بھی رجوع صحیح ہے مثلاًموہوب لہ نے نصف کو بیع کردیا ہے نِصْف باقی ہے اس نِصْف کو واہب نے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۳۸۶.

2۔۔۔۔۔۔کڑی کی جمع، شہتیر۔

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۳۸۶.

4۔۔۔۔۔۔ہبہ کرنے والا۔

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۳۹۰.

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۸،ص۵۹۷.

و''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۵۰۱.

7۔۔۔۔۔۔دونوں کی یعنی واہب اورموہوب لہ کی۔        8۔۔۔۔۔۔یعنی واہب پھراسی طرح مالک ہو گیا جیسے پہلے مالک تھا۔
Flag Counter