قرابت سے مراد اس مقام پر ذی رحم مَحرم ہے یعنی یہ دونوں باتیں ہوں اور حرمت بھی نسب کی وجہ سے ہوتو واپس نہیں لے سکتا اگرچہ وہ ذی رحم مَحرم ذمی یا مستامن ہوکہ اس سے بھی واپس نہیں لے سکتا۔ مثلاًباپ ،دادا، ما ں، دادی اصول (2)اور بیٹا،بیٹی ،پوتا،پوتی، نواسہ، نواسی فروع (3)اور بھائی، بہن اور چچا،پھوپی کہ یہ سب ذی رحم محرم ہیں۔ اگر موہوب لہ محرم ہے یعنی نکاح حرام ہے مگر ذی رحم نہ ہو جیسے رضاعی بھائی (4)یا مصاہَرت (5)کی وجہ سے حرمت ہو جیسے سا س اور بی بی کی دوسرے خاوند سے اولادیں اور داماد اور بیٹے کی بی بی یا موہوب لہ ذی رحم ہے مگر محرم نہیں جیسے چچا زاد بھائی اگرچہ یہ رضاعی بھائی ہو کہ یہاں نسب کی وجہ سے حرمت نہیں ان سب کو چیز ہبہ کرکے واپس لے سکتا ہے۔ (6) (بحر، عالمگیری)
مسئلہ ۴۶: ایک شے غیر منقسم(7)اپنے بھائی اور اجنبی دونوں کو ہبہ کی اور دونوں نے قبضہ کرلیا اجنبی کا حصہ واپس لے سکتا ہے کہ اس میں رجوع سے مانع نہیں ہے اور بھائی کا حصہ واپس نہیں لے سکتا کہ یہاں مانع پایا جاتا ہے۔(8)
(درر)(۷) عین موہوب کا ہلاک ہو جانا مانع رجوع ہے:
کہ جب وہ چیز ہی نہیں ہے رجوع کیا کریگا۔ مسئلہ ۴۷: موہوب لہ کہتا ہے کہ چیز ہلاک ہوگئی اور واہب کہتا ہے کہ نہیں ہلاک ہوئی موہوب لہ کی بات بغیر حلف مان لی جائے گی کہ وہی منکر ہے کیونکہ وجوب رد کا وہ منکر ہے اور اگر واہب کہتا ہے کہ جو چیز میں نے ہبہ کی تھی وہ یہ ہے اور موہوب لہ منکر ہے تو موہوب لہ کی بات حلف کے ساتھ معتبر ہوگی اور اگر موہوب لہ کہتا ہے میں واہب کا بھائی ہوں اور واہب منکر ہے تو واہب کا قول قسم کے ساتھ معتبر ہے۔(9) (بحر)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 1۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۴۹۹،۵۰۰. 2۔۔۔۔۔۔باپ،دادا،پڑدادا،پڑدادی وغیرہ اس طرح کے رشتے اصول کہلاتے ہیں۔ 3۔۔۔۔۔۔بیٹا،پوتی،پڑپوتا وغیرہ اس طرح کے رشتے فروع کہلاتے ہیں۔ 4۔۔۔۔۔۔دودھ شریک بھائی ۔ 5۔۔۔۔۔۔سسرالی رشتہ۔ 6۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۵۰۰. و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۳۸۶،۳۸۷. 7۔۔۔۔۔۔ تقسیم کیے بغیر۔ 8۔۔۔۔۔۔''دررالحکام''شرح''غررالأحکام''، کتاب الھبۃ،باب الرجوع فیھا،الجزء الثانی ،ص۲۲۳. 9۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۵۰۰.