Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
86 - 186
اگرمکان ہبہ کیا تھا موہوب لہ نے اُس میں کچھ نئی تعمیر کی یہ زیادت متصلہ ہے۔ اب واپس نہیں لے سکتا۔ (1)

 (بحر،درمختار،عالمگیری)

    مسئلہ ۱۲: حمام ہبہ کیا تھا موہوب لہ نے اُسے رہنے کامکان بنایا یامکان ہبہ کیا تھا اُسے حمام بنایا اگر عمارت میں تغییر نہیں کی ہے رجوع کرسکتا ہے اورا گر تغییر کی ہے مثلاًدروازہ لگایا یاگچ کرائی(2)یا کہگل کرائی(3) تورجوع نہیں کرسکتا اور اگر عمارت منہدم کردی(4) صرف زمین باقی ہے تورجوع کرسکتا ہے۔ (5) (عالمگیری)

    مسئلہ ۱۳: موہوب میں کچھ نقصان پیدا ہوگیا یہ رجوع کومنع نہیں کرتا خواہ وہ نقصان موہوب لہ کے فعل سے ہو یا اس کے فعل سے نہ ہو مثلاًکپڑا ہبہ کیا تھا اُس کو قطع کرالیا۔ (6) (بحر)

    مسئلہ ۱۴: زیادت منفصلہ رجوع سے مانع نہیں مثلاًبکری ہبہ کی تھی اُس کے بچہ پیداہوا یہ زیادت منفصلہ ہے واہب اپنی ہبہ کی ہوئی چیز واپس لے سکتاہے اور وہ زیادت موہوب لہ کی ہوگی اُس کو واپس نہیں لے سکتا مگر جانور کو اُس وقت واپس لے سکتا ہے جب بچہ اس قابل ہو جائے کہ اُسے اپنی ماں کی حاجت نہ رہے۔(7) (درمختار، بحر)

    مسئلہ ۱۵: زیادت سے یہ مراد ہے کہ موہوب میں کوئی ایسی بات پیدا ہوجائے جس سے قیمت میں اضافہ ہو جائے لہٰذا اُس چیز کاپہلے سے زیادہ فربہ ہوجانا یا خوبصورت ہوجانا بھی زیادت ہے۔ کپڑا تھا سی دیا یا رنگ دیا یہ بھی زیادت ہے۔ چیز کوایک جگہ سے منتقل کرکے دوسری جگہ لے گیا جبکہ اِس انتقال مکانی(8)سے قیمت میں اضافہ ہو جائے یہ بھی زیادت میں داخل ہے غلام کافر تھا مسلمان ہوگیایا اُس نے کوئی جنایت کی تھی(9)ولی جنایت نے معاف کردی۔ بہر اتھا سننے لگا۔ اندھاتھا دیکھنے لگا یہ سب زیادت متصلہ میں داخل ہیں۔ اور اگر قیمت کی زیادتی نرخ تیز ہو جانے کے سبب سے ہے تو زیادت میں اس کا شمار نہیں۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۴۹۵.

و''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۸،ص۵۸۸.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع فی الھبۃ...إلخ،ج۴،ص۳۸۶.

2۔۔۔۔۔۔سفیدی اور دریا کی ریت سے تیار کئے ہوئے چونے کا پلسترکروایا۔

3۔۔۔۔۔۔بھوسا ملی ہوئی مٹی کا پلسترکروایا۔    4۔۔۔۔۔۔گرادی۔

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع فی الھبۃ...إلخ،ج۴،ص۳۸۷.

6۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۴۹۶.

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۸،ص۵۸۹.

و''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۴۹۶.

8۔۔۔۔۔۔نقل مکانی۔         9۔۔۔۔۔۔ایسا جرم کیا تھا جس سے عقوبت دنیوی(دنیوی سزا)لازم آتی ہے۔
Flag Counter