| بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14) |
مسئلہ ۷: رجوع کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ رجوع کے الفاظ بولے مثلاًرجوع کیا ، واپس لیا، ہبہ کو توڑدیا، باطل کردیااور اگر الفاظ نہیں بولے بلکہ اُس چیز کو بیع کردیا یا اپنی چیز میں خلط کردیا(1)یا کپڑا تھا رنگ دیا یا غلام تھا آزاد کردیا یہ رجوع نہیں بلکہ یہ تصرفات (2)بیکار ہیں۔(3) (عالمگیری)
مسئلہ ۸: واہب کو موہوب لہ سے ہبہ کو خریدنا نہ چاہیے کہ یہ بھی رجوع کے معنے میں ہے کیونکہ موہوب لہ یہ خیال کریگاکہ یہ چیز اسی کی دی ہوئی ہے پورے دام(4)لینے سے اُسے شرم آئے گی مگر باپ نے بیٹے کو کوئی چیز دی ہے پھر خریدنا چاہتا ہے تو خریدسکتا ہے کہ شفقت پدری کم دام دینے سے مانع ہوگی۔(5) (بحر)
مسئلہ ۹: ہبہ میں رجوع کرنے سے سات چیز یں مانع ہیں اُن سات کو اِن الفاظ میں جمع کیا گیاہے۔ ''دمع خزقہ'' دال سے مُرادزیادت متصلہ ہے۔ میم سے مراد موت یعنی واہب وموہوب لہ دونوں میں سے کسی کا مرجانا۔ عین سے مراد عوض۔ خا سے مراد خروج یعنی ہبہ کا ملک موہوب لہ سے خارج ہو جانا۔ زا سے مراد زوجیت۔ قاف سے مرادقرابت۔ ہاسے ہلاک۔ان سب کے احکام کی تفصیل ذیل میں درج کی جاتی ہے۔
(۱) زیادت متصلہ:
مسئلہ ۱۰: جس چیز کوہبہ کیا اُس میں کچھ زیادت ہوئی اگر یہ موہوب کے ساتھ متصل ہے واہب رجوع نہیں کرسکتا مثلاً ایک نابالغ غلام کسی کو ہبہ کیا اب وہ جوان ہوگیا رجوع نہیں کرسکتا زیادت متصلہ متولدہ ہو یا غیر متولدہ موہوب لہ کے فعل سے ہوئی ہو یا اس کے فعل سے نہ ہوسب کا ایک حکم ہے۔ (6) (عالمگیری)
مسئلہ ۱۱: زمین ہبہ کی موہوب لہ نے اس میں مکان بنایا یا درخت لگائے یہ زیادت متصلہ ہے یا پانی نکالنے کاچرخ نصب کیا(7)اس طرح کہ توابعِ زمین میں(8)شمار ہواور بیع میں بغیر ذکر کیےتبعاً داخل ہوجائے یہ بھی زیادت متصلہ ہے۔ یوہیںـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 1۔۔۔۔۔۔ملادیا۔ 2۔۔۔۔۔۔یہ کام کاج۔ 3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۳۸۶. 4۔۔۔۔۔۔پوری قیمت۔ 5۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،باب الرجوع فی الھبۃ،ج۷،ص۴۹۵. 6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الخامس فی الرجوع...إلخ،ج۴،ص۶۰۴. 7۔۔۔۔۔۔کنویں سے پانی کھینچنے کا چرخ لگایایا موٹر وغیرہ لگائی۔ 8۔۔۔۔۔۔زمین سے متعلقہ چیزوں میں۔