Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
174 - 186
    مسئلہ ۲۶: کرایہ دار اب دوسرے شہرمیں جانا چاہتا ہے یہاں کی سکونت (1)ترک کرنا چاہتا ہے جیسا کہ اکثر ملازمت پیشہ کو پیش آتا ہے کہ کبھی ایک شہر میں رہے پھردوسرے شہر کو چلے گئے یہ فسخ اجارہ کے لیے عذرہے اور مالک مکان اگر پردیس جانا چاہتا ہے تو اس کی جانب سے اجارہ کو فسخ نہیں کیا جاسکتا کہ اُس کی جانب سے یہ عذر نہیں ہے۔ اور اگر مالک مکان یہ کہتا ہے کہ کرایہ دارنے مکان چھوڑنے کا یہ حیلہ تراشا ہے وہ پردیس نہیں جانا چاہتا تو کرایہ دار پر یہ قسم دی جائے گی کہ اُس نے سفر میں جانے کامستحکم ارادہ کرلیا ہے۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۲۷: جن دوشخصو ں نے عقد اجارہ کیا اُن میں ایک کی موت سے اجارہ فسخ ہوجاتا ہے جبکہ اُس نے اپنے لیے اجارہ کیااوراگر دوسرے کے لیے اجارہ کیا مثلاً وکیل کہ یہ موکل کے لیے اجارہ کرتا ہے اور وصی(3)کہ یہ یتیم کے لیے یا متولیِ وقف ان کی موت سے اجارہ فسخ نہیں ہوتا۔ (4)(ہدایہ) 

    مسئلہ ۲۸: مکہ معظمہ یا مدینہ طیبہ یا کسی دوسری جگہ کرایہ کے جانور پر جارہا ہے اور سواری کامالک مرگیااگر اجارہ کے فسخ کا حکم دیا جائے تو یہ شخص بیابان اور جنگل میں کیوں کر سفر قطع کریگا(5)اور وہاں قاضی یاحاکم بھی نہیں کہ وہ میت کا قائم مقام ہوکر اجارہ کا حکم دے تو جب تک ایسے مقام پرنہ پہنچ جائے جہاں قاضی وغیرہ ہوں اس وقت تک اجارہ باقی رہے گا۔ (6)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۹: عاقدین کے مجنوں ہو جانے سے اجارہ فسخ نہیں ہوتا اگرچہ جنون مطبق ہو۔ یوہیں مرتد ہونے سے فسخ نہیں ہوتا۔(7) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۰: جس چیز کو اجارہ پر لیا تھا مستاجر اُس کامالک ہوگیا اجارہ جاتا رہا مثلاًمالک نے اسے چیز ہبہ کردی یا اس نے خریدلی یا کسی طرح اس کی ملک میں آگئی۔ (8)(ردالمحتار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔رہائش۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإجارۃ ،باب فسخ الإجارۃ،ج۹، ص۱۳۹.

3۔۔۔۔۔۔مرنے والا جس شخص کو اپنی وصیت پوری کرنے کے لیے مقررکرے۔

4۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الإجارات،باب فسخ الإجارۃ،ج۲،ص۲۴۷.

5۔۔۔۔۔۔طے کرے گا۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإجارۃ،باب فسخ الإجارۃ،ج۹،ص۱۴۰،۱۴۱.

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ،باب فسخ الإجارۃ، مطلب :ارادۃ السفر...إلخ،ج۹،ص۱۴۰.

8۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ، باب فسخ الإجارۃ، مطلب:ارادۃ السفر...إلخ،ج۹،ص۱۴۱.
Flag Counter