Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
152 - 186
    مسئلہ۴۷: دوشخصوں میں غلہ مشترک ہے اس مشترک غلہ کے اُٹھانے کے ليے ایک نے دوسرے کو اجیر کیا(1) دوسرے نے اُٹھایا اس کو کچھ مزدوری نہیں ملے گی کہ جو کچھ یہ اُٹھارہا ہے اُس میں خود اس کا بھی ہے لہٰذا اس کاکام خود اپنے ليے ہو ا مزدوری کا مستحق نہیں ہوا۔ اسی طرح ایک شریک نے دوسرے کے جانور یا گاڑی کو غلہ لادنے کے ليے کرایہ پر لیا اور وہ مشترک غلہ اُس پر لادا کسی اُجرت کا مستحق نہیں اور اگر اُس کی کشتی کرایہ پرلی کہ آدھی میں تمھارے حصہ کا غلہ لادا جائے گا اور آدھی میں میرا، یہ جائز ہے۔ (2)(ہدایہ، عالمگیری)اور اگر غلہ یا مال مشترک کو تقسیم کرنے کے بعد ایک نے دوسرے سے کہا میرا حصہ میرے مکان پر پہنچادو تم کو اتنی مزدوری دی جائے گی اب یہ اجارہ جائز ہے کہ دونوں کی چیزیں جدا جدا ہیں۔ 

    مسئلہ۴۸: راہن (3)نے مرتہن(4)سے اپنی چیز کرایہ پر لی جس کومرتہن کے پاس رہن رکھا ہے مرتہن کواس کی کچھ اُجرت نہیں ملے گی کہ راہن نے خوداپنی چیز سے نفع اُٹھایااُجرت کس چیز کی دے صرف یہ بات ہوئی کہ راہن کو نفع حاصل کرناممنوع تھا اس وجہ سے کہ حق مرتہن اُس چیز کے ساتھ متعلق تھا اور مرتہن نے جب اجارہ پر دیدی توخود اُسنے اپناحق باطل کردیا راہن کاانتفاع(5)جائز ہوگیا۔ (6)(درمختار، ردالمحتار)اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ آجکل بعض لوگ اپنا مکان یاکھیت رہن رکھ دیتے ہیں پھر مرتہن سے کرایہ پر لیتے ہیں اور کرایہ ادا کرتے ہیں اول تو یہ سودہے کہ یہ کرایہ زرِ رہن(7)میں محسوب(8)نہیں ہوتابلکہ قرض کے طورپر جو روپیہ دیا اُس کا یہ سود ہے جو یقینا حرام ہے۔ دوسرے یہ کہ اپنی ہی چیز کا کرایہ دینے کے کوئی معنے نہیں۔ 

    مسئلہ ۴۹: حمام کرایہ پر دیا مالک حمام اپنے احباب کے ساتھ اُس میں نہانے گیا اس کے ذمہ کوئی اُجرت واجب نہیں اور کرایہ میں سے بھی اس کے نہانے کی وجہ سے کوئی جز کم نہیں کیا جائے گا۔ (9)(درمختار) 

    مسئلہ ۵۰: زمین کو اجارہ پر دیا اور یہ نہیں بیان کیاکہ اس میں زراعت کریگا یایہ کہ کس چیز کی کاشت کریگاتو اجارہ فاسد ہے کیونکہ زمین سے مختلف منافع حاصل کيے جاسکتے ہیں لہٰذا تعیین ضروری ہے یایہ کہ تعمیم کردے کہ تیراجو جی چاہے کر
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔یعنی غلہ لے جانے کے لیے مزدور رکھا ۔

2۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الإجارات،باب الإجارۃ الفاسدۃ،ج۲،ص۲۴۱.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ،الباب الثامن عشر فی الإجارۃالتی...إلخ،الفصل الثالث،ج۴،ص۴۵۷.

3۔۔۔۔۔۔گروی رکھوانے والا۔    4۔۔۔۔۔۔جس کے پاس چیزگروی رکھی جائے۔    5۔۔۔۔۔۔نفع اٹھانا۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،مطلب:یخص القیاس...إلخ،ج۹،ص۱۰۲.

7۔۔۔۔۔۔چیز گروی رکھ کر جومال لیا جائے اسے زرِ رہن کہتے ہیں۔        8۔۔۔۔۔۔شمار۔

9۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،ج۹،ص۱۰۲ .
Flag Counter