Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
146 - 186
میں خلل واقع ہوگا (1)اُنھوں نے اس کلیہ سے بعض امور کا استثنا فرمادیا اور یہ فتویٰ دیاکہ تعلیم قرآن وفقہ اور اذان وامامت پر اجارہ جائز ہے کیونکہ ایسا نہ کیاجائے تو قرآن و فقہ کے پڑھانے والے طلبِ معیشت میں(2)مشغول ہو کراس کام کوچھوڑ دیں گے اور لوگ دِین کی باتوں سے ناواقف ہوتے جائیں گے۔ اسی طرح اگرمؤذن وامام کو نوکر نہ رکھا جائے تو بہت سی مساجد میں اذان وجماعت کاسلسلہ بند ہوجائے گااور اس شعار اسلامی میں زبردست کمی واقع ہو جائے گی۔ اسی طرح بعض علمانے وعظ پراجارہ کو بھی جائز کہا ہے اس زمانہ میں اکثر مقامات ایسے ہیں جہاں اہل علم نہیں ہیں ادھر اُدھر سے کبھی کوئی عالم پہنچ جاتا ہے جووعظ وتقریر کے ذریعہ اُنھیں دِین کی تعلیم دے دیتا ہے اگر اس اجارہ کو ناجائز کردیا جائے تو عوام کو جو اس ذریعہ سے کچھ علم کی باتیں معلوم ہو جاتی ہیں اس کا انسداد ہوجائے گا(3)۔ یہاں یہ بتادینا بھی ضرور ی معلوم ہوتا ہے کہ جب اصل مذہب یہی ہے کہ یہ اجارہ ناجائز ہے ایک دینی ضرورت کی بناپر اس کے جواز کا فتویٰ دیاجاتا ہے توجس بندہ خدا سے ہوسکے کہ ان امور کومحض خالصاً لوجہ اللہ(4)انجام دے اور اجراُخْرَوی(5)کا مستحق بنے تو اس سے بہتر کیابات ہے پھراگرلوگ اس کی خدمت کریں بلکہ یہ تصوّر کرتے ہوئے کہ دِین کی خدمت یہ کرتے ہیں ہم ان کی خدمت کرکے ثواب حاصل کریں تو دینے والا مستحق ثواب ہوگا اور اُس کولینا جائز ہوگا کہ یہ اُجرت نہیں ہے بلکہ اعانت وامداد ہے۔ 

    مسئلہ۲۴: فقہائے کرام نے اُس کلیہ سے جن چیزوں کا استثنا فرمایا وہ مذکور ہوئیں اس سے معلوم ہوا کہ تلاوت قرآن پراجارہ جس طرح قد ما کے نزدیک ناجائز ہے متأخرین کے نزدیک بھی نا جائزہے لہٰذا سوم(6)وغیرہ کے موقع پر اُجرت پر قرآن پڑھواناناجائز ہے دینے والا لینے والا دونوں گنہگار،اسی طرح اکثر لوگ چالیس روز تک قبر کے پاس یامکان پر قرآن پڑھوا کرایصال ثواب کراتے ہیں اگر اُجرت پرہو یہ بھی ناجائز ہے بلکہ اس صورت میں ایصال ثواب بے معنی بات ہے کہ جب پڑھنے والے نے پیسوں کی خاطر پڑھاتو ثواب ہی کہاں جس کا ایصال کیا جائے اس کا ثواب یعنی بدلہ پیسہ ہے جیسا کہ حدیث میں ہے کہ اعمال جتنے ہیں نیت کے ساتھ ہیں جب اللہ(عزوجل)کے ليے عمل نہ ہو تو ثواب کی اُمید بیکار ہے۔ (7)(ردالمحتار)مقصد یہ ہے کہ اِیصال ثواب جائز بلکہ مستحسن ہے مگر اُجرت پر تلاوت قرآن مجید یا کلمہ طیبہ پڑھواکر ایصال ثواب نہیں ہوسکتا بلکہ پڑھنے والے اللہ تعالٰی کے ليے پڑھیں اور ایصال ثواب کریں یہ جائز ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔حرج واقع ہوگا۔        2۔۔۔۔۔۔روزی کی تلاش میں۔

3۔۔۔۔۔۔ یعنی یہ سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا۔    4۔۔۔۔۔۔خالص اللہ عزوجل کی رضا کے لئے۔    5۔۔۔۔۔۔آخرت کے اجر۔

6۔۔۔۔۔۔میت کی روح کو ایصال ثواب کے لیے تیسرے روز قرآن خوانی کی محفل۔

7۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،مطلب: تحریر مھم فی عدم جواز الإستئجار...إلخ،ج۹،ص۹۶.
Flag Counter