Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دَہم (10)
479 - 607
    مسئلہ ۲۵: لقطہ کا مدعی پیدا ہوگیا(1) اور وہ نشان او ر پتا بتاتا ہے جولقطہ ميں موجود ہے یا خود ملتقط اُس کی تصدیق کرتا ہے تو دیدینا جائز ہے اور قاضی نے حکم کردیا تو دینا لازم او ر بغیر حکم قاضی دیدیا تو اُس کا کفیل یعنی ضامن لے سکتا ہے۔(2) (درمختار) اور علامت بتانے کی صورت ميں اگر دینے سے انکار کرے تو مدعی کو گواہ سے ثابت کرنا ہوگا کہ یہ اُسی کی ملک ہے۔(3) (ہدایہ) 

    مسئلہ ۲۶: مدعی نے علامت بیان کی یا ملتقط نے اُس کی تصدیق کی اور لقطہ دیدیا اس کے بعد دوسرا مدعی پیدا ہوگیااور یہ گواہوں سے اپنی ملک ثابت کرتا ہے تو اگر چیز موجود ہے اسے دلادی جائے اور تلف ہوچکی ہے تو تاوان لے سکتا ہے۔ اوریہ اختیار ہے کہ ملتقط سے تاوان لے یا مدعی اول سے۔(4) (ردالمحتار)
(لقطہ کے مناسب دوسرے مسائل)
    مسئلہ ۲۷: راستہ پر بھیڑ مری ہوئی پڑی تھی اس نے اُس کی اُون کاٹ لی تو اسے اپنے کام ميں لاسکتا ہے اور مالک آکر اس کا مطالبہ کرے تو لے سکتا ہے اور اگر اُس کی کھال نکال کر پکالی اور مالک لینا چاہے تو لے سکتا ہے مگر پکانے کی وجہ سے جوکچھ قیمت ميں اضافہ ہوا ہے دینا پڑے گا۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۸: خربزہ(6)اور تر بز(7) کی پالیز(8)کو لوگوں نے لوٹ لیا اگر اُس وقت لوٹی جب مالک کی طرف سے اجازت ہوگئی کہ جس کا جی چاہے لے جائے جیسا کہ عام طور پر جب فصل ختم ہو جایا کرتی ہے تھوڑے سے خراب پھل باقی رہ جاتے ہیں مالک اجازت دیدیا کرتے ہیں تو لوٹنے ميں کوئی حرج نہیں۔ (9) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۹: نکاح ميں چھوہارے لوٹائے جاتے ہیں ایک کے دامن ميں گرے تھے اور دوسرے نے اُٹھا ليے اس کی دوصورتیں ہیں جس کے دامن ميں گرے تھے اگر اُس نے اسی غرض سے دامن پھیلائے تھے تو دوسرے کو لینا جائز نہیں ورنہ جائز ہے۔(10) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔یعنی کسی نے اس کے متعلق دعویٰ کیا کہ یہ میرا ہے۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب اللقطۃ،ج۶،ص۴۳۳.

3۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''کتاب اللقطۃ،ج۱،ص۴۱۹.

4۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب اللقطۃ،ج۶،ص۴۳۴.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب اللقطۃ،ج۲،ص۲۹۳.

6۔۔۔۔۔۔خربوزہ۔     7۔۔۔۔۔۔تربوز۔         8۔۔۔۔۔۔کھیت۔

9۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب اللقطۃ،ج۲،ص۲۹۳.    10۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.
Flag Counter