Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دَہم (10)
475 - 607
   مسئلہ ۶: دو شخصوں نے لقطہ کو اُٹھایا تو دونوں پر تشہیر(1)لازم ہے اور لقطہ کے جمیع احکام دونوں پر ہیں اور اگر دونوں جارہے تھے ایک نے کوئی چیز دیکھی اس نے دوسرے سے کہا اُٹھالاؤاُس نے اپنے ليے اُٹھائی تو یہ ذمہ دار ہے اور لقطہ کے احکام اس پر ہیں حکم دینے والے پر نہیں۔(2) (جوہرہ) 

    مسئلہ ۷: ملتقط پر تشہیر لازم ہے یعنی بازاروں اور شارع عام (3)اور مساجد ميں اتنے زمانہ تک اعلان کرے کہ ظن غالب ہو جائے کہ مالک اب تلاش نہ کرتا ہوگا۔ یہ مدت پوری ہونے کے بعد اُسے اختیار ہے کہ لقطہ کی حفاظت کرے یا کسی مسکین پر تصد ق کردے۔(4) مسکین کو دینے کے بعد اگر مالک آگیا تو اسے اختیار ہے کہ صدقہ کو جائز کردے یا نہ کرے اگر جائز کر دیا ثواب پائے گا اور جائز نہ کیا تو اگر وہ چیزموجود ہے اپنی چیز لے لے اور ہلاک ہوگئی ہے تو تاوان لے گا۔ یہ اختیار ہے کہ ملتقط سے تاوان لے یا مسکین سے، جس سے بھی لے گا وہ دوسرے سے رجوع نہیں کرسکتا۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۸: بچہ نے پڑا مال اُٹھایا اور گواہ نہ بنایا تو ضائع ہونے کی صورت ميں اسے بھی تاوان دینا پڑیگا۔(6) (بحر) 

    مسئلہ ۹: بچہ کو کوئی پڑی ہوئی چیز ملی اور اُٹھا لایا تو اُس کا ولی یا وصی(7) تشہیر کرے اور مالک کا پتا نہ ملا اور وہ بچہ خود فقیر ہے تو ولی یا وصی خود اُس بچہ پر تصدق کرسکتا ہے اور بعد ميں مالک آیا اور تصدق کو اُس نے جائزنہ کیا تو ولی یا وصی کو ضمان دینا ہوگا۔(8) (بحرالرائق) 

    مسئلہ ۱۰: اگر ملتقط تشہیر سے عاجز ہے مثلاًبوڑھا یا مریض ہے کہ بازار وغیرہ ميں جاکر اعلان نہیں کرسکتا تو دوسرے کو اپنا نائب بناسکتا ہے کہ یہ اعلان کردے اور نائب کو دینے کے بعد اگر واپس لینا چاہے تو واپس نہیں لے سکتا اور نائب کے پاس سے وہ چیز ضائع ہوگئی تو اُس سے تاوان نہیں لے سکتا۔ (9) (بحرالرائق، منحۃ الخالق)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔اعلان کرنا۔

2۔۔۔۔۔۔''الجوہرۃ النیرۃ''،کتاب اللقطۃ،الجزء الاول،ص۴۵۹.

3۔۔۔۔۔۔عام راستہ۔     4۔۔۔۔۔۔صدقہ کر دے۔

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب اللقطۃ،ج۲،ص۲۸۹.

6۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب اللقطۃ،ج۵،ص۲۵۴.

7۔۔۔۔۔۔یعنی بچے کے باپ نے جس کو وصیت کی ہے۔

8۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب اللقطۃ،ج۵،ص۲۵۵،۲۵۶.

9۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب اللقطۃ،ج۵،ص۲۵۵،۲۵۶.

و''منحۃ الخالق علی البحرائق''،کتاب اللقطۃ،ج۵،ص۲۵۶.
Flag Counter