Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ اول (1)
124 - 278
    (۲۳) حضرت امام مَہدی رضی اللہ تعالی عنہ کاظاہر ہونا: 

    اِس کا اِجمالی واقعہ یہ ہے کہ دنیا میں جب سب جگہ کفر کا تسلط ہوگا اُس وقت تمام اَبدال(1) بلکہ تمام اولیا سب جگہ سے سِمٹ کر حرمین شریفین کو ہجرت کر جائیں گے، صرف وہیں اسلام ہو گا اور ساری زمین کفرستان ہو جائے گی۔ رمضان شریف کا مہینہ ہوگا، اَبدال طوافِ کعبہ میں مصروف ہوں گے اور حضرت امام مَہدی بھی وہاں ہوں گے، اولیاء اُنھیں پہچانیں گے، اُن سے درخواستِ بیعت کریں گے، وہ انکار کریں گے۔ 

    دفعتہ غیب سے ایک آواز آئے گی:
ھٰذَا خَلِیْفَۃُ اللہِ الْمَھْدِيُّ فَاسْمَعُوْا لَـہٗ وَأَطِیْعُوْہُ.
''یہ اﷲ (عزوجل) کا خلیفہ مہدی ہے، اس کی بات سُنو اور اس کا حکم مانو۔'' 

    تمام لوگ اُن کے دستِمبارک پر بیعت کریں گے۔ وہاں سے سب کو اپنے ہمراہ لے کر ملکِ شام کو تشریف لے جائیں گے۔ (2)

    بعد قتلِ دجّال حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو حکمِ الٰہی ہوگا کہ مسلمانوں کو کوہِ طور پر لے جاؤ، اس لیے کہ کچھ ایسے لوگ ظاہر کیے جائیں گے، جن سے لڑنے کی کسی کوطاقت نہیں۔ 

    (۲۴) یاجُوج و ماجُوج کا خروج(3) : 

    مسلمانوں کے کوہِ طور پر جانے کے بعد یاجُوج و ماجُوج ظاہر ہوں گے، یہ اس قدر کثیر ہوں گے کہ ان کی پھلی جماعت بُحَیْرَہ طَبَرِیَّہ پر (جس کا طول دس میل ہو گا (4)) جب گزرے گی، اُس کا پانی پی کر اس طرح سُکھادے گی کہ دوسری جماعت بعد والی جب آئے گی تو کہے گی: کہ یہاں کبھی پانی تھا!۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ في ''مرقاۃ المفاتیح'': (قال الجوہري: الأبدال قوم من الصالحین لا تخلو الدنیا منھم إذا مات واحد أبدل اللہ مکانہ بآخر۔۔۔وفي ''القاموس'': الأبدال قوم بہم یقیم اللہ عزوجل الأرض وہم سبعون أربعون بالشام وثلاثون في غیرہا).

(''مرقاۃ المفاتیح'': ج۹، ص۳۵۳)۔

2۔۔۔۔۔۔ لم نعثر علیہ۔

3۔۔۔۔۔۔ (حَتّٰی اِذَا فُتِحَتْ یَاْجُوْجُ وَمَاْجُوجُ وَہُمْ مِّنْ کُلِّ حَدَبٍ یَّنْسِلُوْنَ) پ۱۷، الانبیائ:۹۶.

4۔۔۔۔۔۔ بُحَیْرَہ طَبَرِیَّہ: في ''المرقاۃ''، ج۹، ص۳۸۸: (بحیرۃ تصغیر بحرۃ، وہي ماء مجتمع بالشام طولہ عشرۃ أمیال، وطبریۃ بفتحتین اسم موضع، وقال شارح: ہي قصبۃ الأردن بالشام).
Flag Counter