Brailvi Books

بدگمانی
4 - 64
پہلے اسے پڑھ لیجئے
    میٹھے میٹھے اِسلامی بھائیو!اس فانی دُنیا میں ''عمرِ عزیزکے چار دن '' گزارنے کے بعدہمیں اندھیری قبر میں اُتار دیا جائے گا جس کی وَحشَت آمیز تنہائیوں میں نہ جانے کتنا عرصہ ہمارا قِیام ہوگا ۔ پھر جب مَحْشَر کے مَیدان میں ہم اپنے خالِق ومالِک عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں سفرِزِیست (یعنی زندگی کے سفر)کے اَحوال سنانے کے لئے حاضِر ہوں گے تو ہمیں اپنا ہرہر عمل اپنے نامہ اَعمال میں لکھا ہوا دِکھائی دے گا جیسا کہ قراٰن عظیم ،فرقانِ حمیدمیں ارشاد ہوتا ہے :
یَوْمَئِذٍ یَّصْدُرُ النَّاسُ اَشْتَاتًا ۬ۙ لِّیُرَوْا اَعْمَالَہُمْ ؕ﴿۶﴾فَمَنۡ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیۡرًا یَّرَہٗ ؕ﴿۷﴾وَ مَنۡ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَّرَہٗ ٪﴿۸﴾
ترجمہ کنزالایمان:اس دن لوگ اپنے رب کی طرف پھریں گے کئی راہ ہوکر تاکہ اپنا کیا دکھائے جائیں تو جو ایک ذرہ بھر بھلائی کرے اسے دیکھے گا اور جو ایک ذرّہ بھر برائی کرے اسے دیکھے گا ۔(پ۳۰،الزلزال :۶،۷،۸)

    اس کے بعد بارگاہِ ربُّ الاَنام عَزَّوَجَلَّ سے پروانہ بخشش جاری ہوگا یا(مَعَاذ اللہ عَزَّوَجَلَّ) دُخولِ جہنم کا حکم ملے گا ۔( نَسْئَلُ الْعَافِیَۃَ یعنی ہم عَافِیَّت کا سُوال کرتے ہیں۔)

گرتُوناراض ہوا میری ہلاکت ہوگی !	ہائے! میں نارِ جہنم میں جلوں گا یاربّ (عَزَّوَجَل)

عَفْوکر اور سدا کے لئے راضی ہوجا	گر کرم کردے تو جنت میں رہوں گا یاربّ (عَزَّوَجَل)

                                          (اَرمغانِ مدینہ از امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ)
Flag Counter