Brailvi Books

عجائبُ القرآن مَع غَرائبُ القرآن
226 - 414
پھر ان بتوں کو جو عین کعبہ کے اندر تھے آپ نے ان سب کو نکالنے کا حکم فرمایا۔ جب تمام بتوں سے کعبہ پاک ہو گیا تو آپ اپنے ساتھ اُسامہ بن زید اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ اور عثمان بن طلحہ حجبی رضی اللہ عنہ کو ساتھ لے کر خانہ کعبہ کے اندر تشریف لے گئے اور تمام گوشوں پر تکبیر پڑھی اور دو رکعت نماز بھی پڑھی۔
            (بخاری، ج ۱،ص ۲۱۸ و بخاری، ج ۲، ص ۶۱۴)
کعبہ مقدسہ کے اندر سے جب آپ باہر نکلے تو حضرت عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کو بلا کر کعبہ کی کنجی ان کے ہاتھ میں عطا فرمائی اور ارشاد فرمایا کہ
خُذُوْھَا خَالِدَۃً تَالِدَۃً لاَّیَنْزَعُھَا مِنْکُمْ اِلاَّ ظَالِمُ
 (زرقانی، ج ۲، ص ۲۳۹)
شہنشاہ دو عالم صلی  اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا دربارِعام:۔اس کے بعد حرم الٰہی میں آپ نے سب سے پہلا دربار عام منعقد فرمایا جس میں افواج اسلام کے علاوہ ہزاروں کفار و مشرکین کے عوام و خواص کا ایک زبردست اژدھام تھا۔ اس دربار میں آپ نے ایک خطبہ دیا اور پھر اہل مکہ کو مخاطب کر کے آپ نے فرمایا کہ بولو، تم کو معلوم ہے کہ آج میں تم سے کیا معاملہ کرنے والا ہوں۔ 

     اس دہشت انگیز اور خوفناک سوال سے تمام مجرمین حواس باختہ ہو کر کانپ اٹھے، لیکن جبینِ رحمت کے پیغمبرانہ تیور کو دیکھ کر سب یک زبان ہو کر بولے
''اَخٌ کَرِیْمٌ وَابْنُ اَخٍ کَرِیْمٍ''
یعنی آپ کرم والے بھائی اور کرم والے باپ کے بیٹے ہیں۔ یہ سن کر فاتح مکہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے کریمانہ لہجے میں ارشاد فرمایا کہ:۔
لاَ تَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ فَاذْھَبُوْا اَنْتُمُ الطَّلَقَاءُ
آج تم پر کوئی ملامت نہیں۔ جاؤ تم سب آزاد ہو۔
 ( شرح الزرقانی، باب غزوۃ الفتح الأعظم ،ج۳،ص۴۴۹)
Flag Counter