مسودہ جو ناتمام رہ گیا تھا، اب بحالت مرض اس کو مکمل کر کے ''عجائب القرآن''کے نام سے ناظرین کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔
اس مجموعہ میں قرآن مجید کی مختلف سورتوں سے چن کر پینسٹھ ان عجیب عجیب چیزوں اور تعجب خیز و حیرت انگیز واقعات کو جن کا قرآن مجید میں مختصر تذکرہ ہے، نقل کر کے ان کی مناسب تفصیل و توضیح تحریر کردی ہے اور ان واقعات کے دامنوں میں جو عبرتیں اور نصیحتیں چھپی ہوئی ہیں، ان کو بھی ''درسِ ہدایت''کے عنوان سے پیش کردیا ہے۔
دعا ہے کہ خداوند کریم میری دوسری تصنیفات کی طرح اس انیسویں کتاب کو بھی مقبولیت دارین کی کرامتوں سے سرفراز فرما کر نافع الخلائق بنائے اور اس خدمت کو میرے اور میرے والدین نیز میرے اساتذہ و تلامذہ و مریدین و احباب کے لئے زاد ِ آخرت و ذریعہ مغفرت بنائے اور میرے نواسہ مولوی فیض الحق صاحب سلمہ المولیٰ تعالیٰ کو عالم باعمل بنائے۔ اور ان کو جزائے خیر عطا فرمائے کہ وہ اس کتاب کی تدوین و تبییض اور طباعت وغیرہ میں میرے دست وبازو بنے رہے۔ (آمین)
یہ کتاب اس حال میں تحریر کررہا ہوں کہ کمزوری و نقاہت سے چلنا پھرنا دشوار ہو رہا ہے۔ مگر الحمدللہ کہ داہنا ہاتھ کام کررہا ہے اور دل و دماغ بالکل درست ہیں۔ علاج کا سلسلہ جاری ہے۔
قارئین و ناظرین کرام دعا فرمائیں کہ مولیٰ تعالیٰ مجھے جلد شفایاب فرمائے تاکہ میں آخرِ حیات تک درسِ حدیث و دینی تصانیف و مواعظ کا سلسلہ جاری رکھ سکوں۔