| عجائبُ القرآن مَع غَرائبُ القرآن |
اصحابِ کہف کے ناموں کے خواص:۔حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ اصحاب ِ کہف کے ناموں کا تعویذ نو کاموں کے لئے فائدہ مند ہے:۔ (۱)بھاگے ہوئے کو بلانے کے لئے اور دشمنوں سے بچ کر بھاگنے کے لئے۔(۲) آگ بجھانے کے لئے کپڑے پر لکھ کر آگ میں ڈال دیں (۳)بچوں کے رونے اور تیسرے دن آنے والے بخار کے لئے۔(۴) درد سر کے لئے دائیں بازو پر باندھیں۔(۵)اُمّ الصبیان کے لئے گلے میں پہنائیں ۔(۶)خشکی اور سمندر میں سفر محفوظ ہونے کے لئے۔ (۷)مال کی حفاظت کے لیے۔ (۸)عقل بڑھنے کے لئے ۔(۹)گنہگاروں کی نجات کے لیے
(صاوی،ج۴،ص۱۱۹۱،پ۱۵،الکہف:۲۲ )
اصحابِ کہف کتنے دنوں تک سوتے رہے:۔جب قرآن کی آیت
وَ لَبِثُوۡا فِیۡ کَہۡفِہِمْ ثَلٰثَ مِائَۃٍ سِنِیۡنَ وَازْدَادُوۡا تِسْعًا ﴿۲۵﴾
(پ۱۵،الکھف:۲۵) (اور وہ اپنے غار میں تین سو برس ٹھہرے نواوپر)نازل ہوئی۔ تو کفار کہنے لگے کہ ہم تین سو برس کے متعلق تو جانتے ہیں کہ اصحاب ِ کہف اتنی مدت تک غار میں رہے مگر ہم نو برس کو نہیں جانتے تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم لوگ شمسی سال جوڑ رہے ہو اور قرآن مجید نے قمری سال کے حساب سے مدت بیان کی ہے اور شمسی سال کے ہر سو برس میں تین سال قمری بڑھ جاتے ہیں۔
(صاوی،ج۴،ص۱۱۹۳،پ۱۵،الکہف:۲۵)
درسِ ہدایت:۔(۱)مرنے کے بعد زندہ ہو کر اٹھنا حق ہے اور اصحابِ کہف کا واقعہ اس کی نشانی اور دلیل ہے۔ جو قرآن مجید میں موجود ہے۔ (۲)جو اپنے دین و ایمان کی حفاظت کے لئے اپنا وطن چھوڑ کر ہجرت کرتا ہے اللہ تعالیٰ غیب سے اُس کی حفاظت کا ایسا ایسا سامان فرما دیتا ہے کہ کوئی اس کو سوچ بھی نہیں سکتا۔ (۳)اللہ والوں کے ناموں میں برکت اور نفع بخش تاثیرات ہوتی ہیں۔