اس مادر گیتی پر بلا شبہ کروڑہاانسانوں نے جنم لیااور بالآخر موت نے انہیں اپنی آغوش میں لے کر ان کا نام ونشان تک مٹادیا۔لیکن جنہوں نے دین اسلام کی بقاوسربلندی کے لیے اپنے جان ومال اور اولاد کی قربانیاں دیں اورجن کے دلی جذبات اسلام کے نام پر مر مٹنے کے لیے ہمہ وقت پختہ تھے، تاریخ کے اوراق پر ان کے تذکرے سنہری حروف سے کندہ ہیں۔ ان اکابرین کے کارناموں کا جب جب ذکر کیا جاتاہے، دلوں پر رقت کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ان کے پر سوز واقعات آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں،بالخصوص واقعہ کربلا نہایت رقت وسوز کے ساتھ جذبہ ایثار وقربانی کوابھارتاہے ۔ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے جس شان کے ساتھ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ،تاریخ اسکی مثال بیان کرنے سے قاصر ہے۔ان نفوس قدسیہ نے اپنا سب کچھ لٹا دیا لیکن باطل کے آگے سر نہ جھکایا ۔ جان دینا گوارا فرمالیا، لیکن شوکت اسلام پر حرف نہ آنے دیا۔