سلطانِ دوجہان، مدینے کے سلطان،رحمتِ عالمیان ، سرورِذیشان صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ جنّت نشان ہے،جو مجھ پر جُمُعہ کے دن اوررات سو مرتبہ دُرُود شریف پڑھے اللہ تعالیٰ اسکی سو حاجتیں پوری فرمائے گا۔ستَّر آخِرت کی اور تیس دنیا کی ۔
(کَنزُا لعُمّال ج۱ص۲۵۶الحدیث۲۲۳۹)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالیٰ علیٰ محمَّد
حضرتِ سیِّدُنا عبد اللہ بِن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، نبیِّ رَحمت ،شفیعِ اُمّت ،شَہَنشاہِ نُبُوَّت ، تاجدارِ رسالت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمتِ سراپا عظمت میں جِنّات کا ایک وَفد حاضِر ہوکر عرض گزار ہوا،'' آپ کی اُمّت ہڈّی ،گوبر اور کوئلہ سے اِستِنجاء نہ کرے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس میں ہمارا رزق مقرَّر فرما دیا ہے تو نبی کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے (اُمّت کو )اس سے مَنْع فرما دیا۔''