یعنی جس نے بد شگونی لی یا جس کے لئے بد شگونی لی گئی ،یا جس نے کہانت کی یا جس کے لئے کی گئی ،یا جادو کرنے اور کروانے والا ہم سے نہیں۔ (مسند بزار،اول حدیث عمران بن حصین،۹/۵۲،حدیث:۳۵۷۸)
کہانت کسے کہتے ہیں؟
مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اِس حدیثِ پاک کے تحت لکھتے ہیں : بعض کاہنوں کا دعویٰ تھا کہ ہمارے پاس جنات آکر ہم کو غیبی چیزیں غیبی خبریں بتاتے ہیں کہ شیاطین آسمان پر جا کر فرشتوں کی باتیں سن کر ایک سچ میں سو جھوٹ ملا کر کاہنوں نجومیوں کو بتاتے ہیں۔بعض کاہن خفیہ علامات، اسباب سے غیبی چیزوں کاپتہ بتاتے ہیں انہیں عَرَّافکہتے ہیں اور اس عمل کو عرافت، یہ دونوں عمل حرام ہیں ان کی اجرت لینا دینا دونوں حرام ہیں۔(مرقات و اشعہ)لفظ کاہن بہت عام ہے۔نجومی،رَمّال،عَرَّافسب کو کاہن کہا جاتا ہے۔(مراٰۃ المناجیح ،۶/ ۲۶۷)
کاہنوں سے غیبی خبریں پوچھنا
کاہنوں سے غیبی خبریں پوچھنا حرام ہے انہیں عالم غیب جاننا ان کی خبروں کی تصدیق کرنا کفر ہے، ہاں! انہیں جھوٹا کرنے کے لیے ان سے کچھ پوچھ کرلوگوں پر ان کا جھوٹا ظاہر کرنا اچھا ہے کہ یہ تبلیغ ہے ، یہاں پہلی صورت مراد ہے،اس سے منع فرمایا گیا ۔(مراٰۃ المناجیح ،۶/ ۲۶۸)