رفتار گاڑی سے اُڑنے والے چھینٹوں کا نشانہ بنیں تو انہیں صحیح معنوں میں دوسروں کی تکلیف کا احساس ہوگا ۔
(59)مصافحے اور معانقے میں زور سے دبانا
اسلامی بھائیوں کا ایک دوسرے سے مصافحہ ومعانقہ کرنا بقائے محبت کا ذریعہ ہے لیکن بعضوں کو ایک دَم شرارت سوجھتی ہے کہ مصافحے کے دوران دوسرے کا ہاتھ ایک دم جَکڑ کر دبانا شروع کر دیتے ہیں،اسی طرح مُعَانقے(یعنی ایک دوسرے سے گلے ملنے )کے دوران بھی اتنی زور سے دباتے ہیں کہ سامنے والے کی چیخیں نکل جاتی ہیں ۔
بے ہوش ہوگیا(حکایت:58)
کئی برس پہلے ہیڈپنجند(جنوبی پنجاب)کے اسکول ماسٹر کے ساتھ اسی طرح کا واقعہ پیش آیا کہ کسی نے اس سے عید ملنے کے دوران اتنی زور سے دبایا کہ بے چارا بے ہوش ہوکر زمین پر گر گیا پھر اسے اسپتال لے جانا پڑا ، جہاں اسے بڑی مشکل سے ہوش میں لایا گیا۔
(60)کسی کو جھوٹا ،بددیانت یا رشوت خور قرار دینا
جھوٹ بولنا، خیانت کرنا یا رشوت خوری بہت ہی بُرے اور جہنم میں لے جانے والے کام ہیں لیکن اس سے بھی بُرا کام یہ ہے کہ کسی کو بلادلیلِ شرعی جھوٹا، بددیانت یا رشوت خور قرار دیا جائے ۔ایسا کرنا تہمت ہے اور اس کی سزا بہت سخت ہے