اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَیْطٰنِ الرَّجِیْم ِ ؕ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِ
دُرُود شریف کی فضیلت
شیخِ طریقت، امیرِاہلسنّت، بانیٔ دعوت ِاسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّار قادری رضوی ضیائی دَامَت بَرَکَاتُہُمُ العَالِیَہ اپنی کتاب ’’گھریلوعلاج‘‘ میں حدیثِ پاک نقل فرماتے ہیں کہ مدینے کے سلطان، رحمت عالمیان، سَروَرِ ذِیشان، محبوبِ رحمٰن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیہِ وَ اٰلہٖ وَ سلَّم کا فرمانِ جنت نشان ہے: جو مجھ پر ایک دن میں ایک ہزار بار درودپاک پڑھے گا وہ اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک جنت میں اپنا مقام نہ دیکھ لے۔
(الترغیب والترہیب، ۲/۳۲۸، حدیث: ۲۲)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد
{1}سِنگر کی توبہ
شاہدرہ (مرکز الاولیاء لاہور) کے علاقے جاوید پارک میں مقیم اسلامی بھائی اپنی توبہ کے احوال کچھ یوں تحریر کرتے ہیں کہ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول کی بہاریں میسر آنے سے پہلے میں گناہوں کے سمندر میں غوطہ زن تھا۔ دین سے دوری کے باعث نماز اور دیگر احکامِ شرعیہ کی پابندی سے عاری تھا۔