Brailvi Books

صراط الجنان جلد نہم
62 - 764
پردہ پوشی نہیں  فرمائی اور تجھے اپنی رحمت سے نہیں  ڈھانپا؟ …کیا تو نے کئی مرتبہ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کے غضب کو دعوت نہیں  دی لیکن پھر بھی اس نے تجھے راضی رکھا؟… تو کیا تجھے یہ زیب دیتا ہے کہ تو گناہوں  اور نافرمانیوں  سے اس کا سامنا کرے؟ وہ تجھ پر اپنا رزق کشادہ کرتا ہے لیکن تو اس کی نافرمانی میں  اضافہ کرتاہے ۔ تو لوگوں  سے تو چھپ سکتاہے لیکن اللہ تعالیٰ سے نہیں  چھپ سکے گا۔ وہ (تیرے اعمال پر) گواہ اور تجھے دیکھ رہا ہے،توکب تک تو اپنی گمراہی اور خواہشات کے سمندر میں  غرق رہے گا؟ اگر تو نجات چاہتا ہے تو ندامت کی کشتی پر سوار ہو جا اور اپنے مولیٰ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں  سچی توبہ کر کے فائدہ اٹھا۔ اپنے آپ کو اخلاص کے ساحل پر ڈال دے تو وہ تجھے نجات اور خلاصی عطا فرمادے گا۔( الروض الفائق، المجلس الحادی والاربعون فی مناقب الصالحین رضی اللّٰہ عنہم اجمعین، ص۲۲۲)
	اللہ تعالیٰ ہمیں  توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔
وَ یَسْتَجِیْبُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ یَزِیْدُهُمْ مِّنْ فَضْلِهٖؕ-وَ الْكٰفِرُوْنَ لَهُمْ عَذَابٌ شَدِیْدٌ(۲۶)
ترجمۂکنزالایمان: اور دعا قبول فرماتا ہے اُن کی جو ایمان لائے اور اچھے کام کئے اور انھیں  اپنے فضل سے اور انعام دیتا ہے اور کافروں  کے لیے سخت عذاب ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اورایمان والوں  اور اچھے اعمال کرنے والوں  کی دعا قبول فرماتا ہے اور انہیں  اپنے فضل سے زیادہ عطا فرماتا ہے اور کافروں  کے لیے سخت عذاب ہے۔
{وَ یَسْتَجِیْبُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ: اورایمان والوں  اور اچھے اعمال کرنے والوں  کی دعا قبول فرماتا ہے۔} ار شاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں  کی دعائیں  قبول فرماتا ہے جو ایمان لائیں  اور اچھے اعمال کریں  اور اپنے فضل سے لوگوں  کی طلب سے بڑھ کر انہیں  عطا فرماتا ہے اور کافروں  کے لیے سخت عذاب ہے۔( مدارک، الشوری، تحت الآیۃ: ۲۶، ص۱۰۸۸)