Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
467 - 695
اور اس لیے کہ اللّٰہ  سنتا دیکھتا ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: یہ اس لیے ہے اللّٰہ رات کو دن کے حصے میں داخل کردیتا ہے اور دن کو رات کے حصہ میں داخل کرتا ہے اور یہ اس لیے ہے کہ اللّٰہ سننے والا، دیکھنے والا ہے۔
{ذٰلِکَ بِاَنَّ اللہَ یُوۡلِجُ الَّیۡلَ فِی النَّہَارِ:یہ اس لیے ہے اللّٰہ رات کو دن کے حصے میں داخل کردیتا ہے۔} یعنی مظلوم کی مدد فرمانا اس لئے ہے کہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ جو چاہے اس پر قادر ہے اور اس کی قدرت کی نشانیاں اس سے ظاہر ہیں کہ وہ کبھی دن کو بڑھاتا، رات کو کم کر دیتا ہے اور کبھی رات کو بڑھاتا، دن کو کم کر دیتاہے، اس کے سوا کوئی اس پر قدرت نہیں رکھتاتو جو ایسا قدرت والا ہے وہ جس کی چاہے مدد فرمائے اور جسے چاہے غالب کرے۔نیز مظلوم کی مدد فرمانا اس لئے ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ سب کی باتیں سننے والا اورسب کے اعمال دیکھنے والاہے،اس سے نہ کسی کی کوئی بات پوشیدہ ہے اور نہ کسی کا کوئی عمل چھپا ہوا ہے۔(1)
کافروں کے غلبے سے دل تنگ نہیں ہونا چاہئے :
	اس آیت میں اشارۃًفرمایاگیا کہ جیسے کبھی دن بڑے کبھی راتیں ایسے ہی کبھی کفار کا غلبہ ہوتا ہے اور کبھی مومنوں کا تسلط۔ لہٰذا کافروں کا غلبہ دیکھ کر مسلمانوں کو دل تنگ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے اَقوال، اَعمال اور اَفعال کی اصلاح کرنے میں مشغول ہونا چاہئے تاکہ اللّٰہ تعالیٰ اپنی رحمت کے صدقے مسلمانوں کو کفار پر غلبہ اور فتح ونصرت عطا فرمائے۔ 
ذٰلِکَ بِاَنَّ اللہَ ہُوَ الْحَقُّ وَ اَنَّ مَا یَدْعُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِہٖ ہُوَ الْبَاطِلُ وَ اَنَّ اللہَ ہُوَ الْعَلِیُّ الْکَبِیۡرُ ﴿۶۲﴾
ترجمۂکنزالایمان: یہ اس لیے کہ اللّٰہ ہی حق ہے اور اس کے سوا جسے پوجتے ہیں وہی باطل ہے اور اس لیے کہ اللّٰہ ہی بلندی بڑائی والا ہے۔
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…مدارک، الحج، تحت الآیۃ: ۶۱، ص۷۴۶، طبری، الحج، تحت الآیۃ: ۶۱، ۹/۱۸۳، ملتقطاً۔