سَلف صالحین سے یہی منقول ہے۔
ہر چیز اللّٰہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے:
حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَانے فرمایا ہر زندہ چیز اللّٰہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے(1)اور ہر چیز کی زندگی اس کے حسبِ حیثیت ہے۔ مفسرین نے کہا ہے کہ دروازہ کھولنے کی آواز اور چھت کا چٹخنا یہ بھی تسبیح کرنا ہے اور ان سب کی تسبیح سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖہے ۔ یہاں جَمادات کی تسبیح سے متعلق چند اَحادیث ملاحظہ ہوں، چنانچہ
حضرت عبداللّٰہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے منقول ہے کہ رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی انگشت ِ مبارک سے پانی کے چشمے جاری ہوتے میں نے دیکھے اور ہم کھاتے وقت کھانے کی تسبیح سناکرتے تھے۔(2)
حضرت جابر بن سمرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ،تاجدار ِرسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’ میں اس پتھر کو پہچانتا ہوں جو میرے اعلانِ نبوت سے پہلے مجھے سلام کیا کرتا تھا۔(3)
حضرت عبداللّٰہ بن عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے، رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ لکڑی کے ایک ستون سے تکیہ فرما کر خطبہ فرمایا کرتے تھے ،جب منبر بنایا گیا اور حضور اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَمنبر پر جلوہ افروز ہوئے تو وہ ستون رونے لگا،حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے اس پر دستِ کرم پھیر ا( شفقت فرمائی اور تسکین دی)۔(4) ان تمام اَحادیث سے جمادات کا کلام اور تسبیح کرنا ثابت ہوا۔
{وَلٰکِنۡ لَّا تَفْقَہُوۡنَ تَسْبِیۡحَہُمْ:لیکن تم لوگ ان چیزوں کی تسبیح کو سمجھتے نہیں ۔} ارشادفرمایا کہ یہ تو حق ہے کہ تمام اَشیا اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی تسبیح بیان کرتی ہیں کیونکہ یہ بات خود اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ بتارہا ہے البتہ تم ان کی تسبیح سمجھتے نہیں۔ زبانِ حال کی تسبیح تو وہ لوگ نہیں سمجھتے جو مخلوق میں غور کرکے خالق کی معرفت حاصل نہیں کرتے اور زبانِ قال کی تسبیح عمومی طور پر کوئی نہیں سمجھتا کیونکہ ہر شے کس زبان میں تسبیح کرتی ہے ہم نہیں سمجھتے اور ہر چیز کی تسبیح کا جان لینا ہمارے لئے مشکل ہے۔ البتہ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، الاسراء، تحت الآیۃ: ۴۴، ۳/۱۷۶۔
2…بخاری، کتاب المناقب، باب علامات النبوّۃ فی الاسلام، ۲/۴۹۵، الحدیث:۳۵۷۹۔
3…مسلم،کتاب الفضائل، باب فضل نسب النبیّ صلی اللّٰہ علیہ وسلم وتسلیم الحجر علیہ قبل النبوّۃ، ص۱۲۴۹، الحدیث: ۲(۲۲۷۷)۔
4…بخاری، کتاب المناقب، باب علامات النبوۃ فی الاسلام، ۲/۴۹۶، الحدیث: ۳۵۸۳۔