ترجمۂکنزالایمان: اور ان کے آس پاس خدمت میں پھریں گے ہمیشہ رہنے والے لڑکے جب تو انھیں دیکھے تو انھیں سمجھے کہ موتی ہیں بکھیرے ہوئے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور ان کے آس پاس ہمیشہ رہنے والے لڑکے (خدمت کیلئے) پھریں گے جب تو انہیں دیکھے گا تو تُو انہیں بکھرے ہوئے موتی سمجھے گا۔
{وَ یَطُوْفُ عَلَیْهِمْ وِلْدَانٌ مُّخَلَّدُوْنَ: اور ان کے آس پاس ہمیشہ رہنے والے لڑکے پھریں گے۔} ارشاد فرمایا کہ اور ان نیک بندوں کے آس پاس ہمیشہ رہنے والے لڑکے خدمت کیلئے پھریں گے ، وہ لڑکے نہ کبھی مریں گے، نہ بوڑھے ہوں گے ،نہ اُن میں کوئی تبدیلی آئے گی اور نہ وہ خدمت کرنے سے اُکتائیں گے اور ان کے حُسن کا یہ عالَم ہوگا کہ جب تو انہیں دیکھے گا تو تُوانہیں ایسے سمجھے گا جس طرح صاف شفاف فرش پر چمکیلے موتی بکھرے ہوئے ہوں ۔ اس حسن اورپاکیزگی کے ساتھ جنتی لڑکے خدمت میں مشغول ہوں گے۔( خازن، الانسان، تحت الآیۃ: ۱۹، ۴/۳۴۱، روح البیان، الانسان، تحت الآیۃ: ۱۹، ۱۰/۲۷۳، ملتقطاً)
وَ اِذَا رَاَیْتَ ثَمَّ رَاَیْتَ نَعِیْمًا وَّ مُلْكًا كَبِیْرًا(۲۰)
ترجمۂکنزالایمان: اور جب تو ادھر نظر اٹھائے ایک چین دیکھے اور بڑی سلطنت۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور جب تووہاں دیکھے گا تو نعمتیں اور بہت بڑی سلطنت دیکھے گا۔
{وَ اِذَا رَاَیْتَ ثَمَّ: اور جب تووہاں دیکھے گا۔} یعنی اے جنت میں داخل ہونے والے!جب تو جنت میں نظر اٹھائے گا تو وہاں ایسی نعمتیں دیکھے گا جن کا وصف بیان نہیں کیا جا سکتا اورتو وہاں بہت بڑی سلطنت دیکھے گا جس کی حد اور انتہا نہیں ،نہ اسے زوال آئے گا، نہ جنتی کو وہاں سے منتقل کیاجائے گا اور اس سلطنت کی وُسعت کا یہ عالَم ہے کہ ادنیٰ مرتبے کا جنتی جب اپنے ملک کو دیکھے گا توایک ہزار برس کی راہ تک ایسے ہی دیکھے گا جیسے اپنے قریب کی جگہ دیکھتاہو اور قوت ودبدبے کا یہ حال ہوگا کہ فرشتے بھی اجازت کے بغیر نہیں آئیں گے۔( خازن، الانسان، تحت الآیۃ: ۲۰، ۴/۳۴۱، جلالین، الانسان، تحت الآیۃ: ۲۰، ص۴۸۴، ملتقطاً)