ترجمۂکنزالایمان: اللّٰہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان رحم والا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اللّٰہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان، رحمت والاہے ۔
یُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ الْمَلِكِ الْقُدُّوْسِ الْعَزِیْزِ الْحَكِیْمِ(۱)
ترجمۂکنزالایمان: اللّٰہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے بادشاہ کمال پاکی والا عزت والا حکمت والا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب اس اللّٰہ کی پاکی بیان کرتے ہیں جو بادشاہ، نہایت پاکی والا، بہت عزت والا، بڑا حکمت والا ہے۔
{یُسَبِّحُ لِلّٰهِ: اللّٰہ کی پاکی بیان کرتے ہیں ۔} یعنی آسمانوں اور زمین میں موجود تمام چیزیں اس اللّٰہ تعالیٰ کی ہر نقص و عیب سے پاکی بیا ن کرتی ہیں جس کی شان یہ ہے کہ وہ حقیقی بادشاہ ،انتہائی پاکی والا ،عزت والا اور حکمت والا ہے۔
تسبیح کی تین اَقسام:
تسبیح تین طرح کی ہے۔
(1)…خَلقت کی تسبیح۔وہ یہ ہے کہ ہر شے کی ذات اور اس کی پیدائش خالق و قدیر رب تعالیٰ کی قدرت ، حکمت ، اس کی وحدانیّت اورہر نقص و عیب سے پاک ہونے پر دلالت کرتی ہے۔
(2)… معرفت کی تسبیح ۔وہ یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے لطف و کرم سے مخلوق میں اپنی معرفت پیدا کردے اور وہ اللّٰہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرے ۔