Brailvi Books

صراط الجنان جلد اول
29 - 520
دوسرا باب:
قرآنِ مجید کے جمع و ترتیب اور اس کی تفسیر سے متعلق چند اہم باتیں 
 جمعِ قرآن کا تاریخی پس منظر:
	حقیقی طور پر قرآنِ عظیم کو جمع فرمانے والا اللہ تعالیٰ ہے،چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’اِنَّ عَلَیۡنَا جَمْعَہٗ وَ قُرْاٰنَہٗ ﴿ۚۖ۱۷﴾‘‘ (قیامہ: ۱۷)
ترجمۂکنزُالعِرفان: بیشک اس کا جمع کرنا اور اس کا پڑھنا ہمارے ذمہ ہے۔
	حضور سیدُ المرسلین  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے اپنے مقدس زمانے میں اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت جبرئیل عَلَیْہِ السَّلَام کے بیان کے مطابق قرآنِ مجید کو لوحِ محفوظ کی ترتیب کے مطابق صحابہ کرام کو بیان فرمایا اور اس کی صورت یہ تھی کہ قرآنِ مجید23 سال کے عرصے میں حالات و واقعات کے حساب سے جدا جدا آیتیں ہو کر نازل ہوا، کسی سورت کی کچھ آیتیں نازل ہوتیں پھر دوسری سورت کی کچھ آیتیں اترتیں ، پھر پہلی سورت کی آیتیں نازل ہوتیں ، حضور پر نور  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ ہر بار ارشاد فرماتے کہ یہ آیات فلاں سورت کی ہیں لہٰذا اسے فلاں آیت کے بعد اورفلاں آیت سے پہلے رکھا جائے، چنانچہ وہ آیات اسی سورت میں اور اسی جگہ پر رکھ دی جاتیں۔ اسی ترتیب کے مطابق حضور اقدس  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ اور آپ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ سے سن کر صحابہ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نماز میں اور تلاوت کے دوران قرآنِ مجید پڑھتے۔
	 اس دور میں سارا قرآنِ عظیم کتابی شکل میں ایک جگہ جمع نہیں تھا بلکہ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم کے سینوں محفوظ تھا اور مُتفرق کاغذوں ، پتھر کی تختیوں ، بکری دنبے کی کھالوں ، اونٹوں کے شانوں اور پسلیوں کی ہڈیوں وغیرہ پر لکھا ہوا تھا۔ جب حضرت صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے زمانے میں نبوت کے جھوٹے دعوے دار ملعون مُسَیلمہ کذّاب سے جنگ ہوئی تو اس میں بہت سے حفاظ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم شہید ہو گئے ۔امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر گزارش کی کہ اس لڑائی میں بہت سے وہ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم شہید ہو گئے ہیں جن کے سینوں میں قرآنِ عظیم تھا،اگر اسی طرح جہادوں میں حفاظ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم شہید ہوتے گئے اور قرآنِ عظیم کوایک جگہ جمع نہ کیا گیا تو قرآنِ مجید کا بہت سا حصہ مسلمانوں