نیَّتوں کے72 مَدَنی گلدستے
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! پیش کردہ نیّتوں کے مَدَنی گلدستوں میں سے حسبِ حال یعنی اپنی اُس وَقت کی قلبی کیفیّت اور موقع کی مناسَبَت سے نیّتیں کرنی ہیں ،گلدستوں میں نیّتیں بہت کم لکھی گئی ہیں تا ہم علمِ نیَّت رکھنے والا ان میں اضافہ کرسکتا ہے۔
خصوصی نیّت
موقع کی مناسَبَت سے پیش کردہ تقریباً ہر مَدَنی گلدستے کے ساتھ کی جانے والی نیّت : بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط پڑھوں گا۔
{1}صبح سویرے یہ نیّت کرلیجئے
آج کا دن آنکھ، کان، زبان اورہر عُضْو (یعنی جسم کے ہرحصے)کو گناہوں اور فُضولیات سے بچاتے ہوئے نیکیوں میں گزاروں گا، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
{2}جوتے پہننے کی نیّتیں
٭اِتِّباعِ سنّت میں جُوتے پہنوں گا٭ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط پڑھ کر جوتے جھاڑ لوں گا (تاکہ کوئی کیڑا یا کنکروغیرہ ہوتو نکل جائے) ٭سیدھے جُوتے سے پَہَل کرنے کی سنّت ادا کروں گا٭ صفائی کی سنّت ادا کرتے ہوئے پاؤں کو گندگی اور مَیل کُچیل سے جوتوں کے ذَرِیعے بچاؤں گا۔