{24}بیٹھنے کی نیّتیں
٭ (موقع ملا تو) بہ نیّت ادائے سنّت قبلہ رُخ بیٹھوں گا ٭ غیر محتاط انداز میں گھٹنے کھڑے کرکے دوسروں کے لئے بدنگاہی کا سامان نہیں کروں گا بلکہ پردے میں پردہ کرکے بیٹھوں گا ٭ کسی کے گُھٹنے یا ران پر اپنا گھٹنا نہیں رکھوں گا٭ علمِ دین کی مجلس،اجتماعِ ذکر ونعت اورعُلَمائے دین کی بارگاہوں میں بن پڑا توادباً دوزانو بیٹھوں گا ۔
{25}ماں باپ کی خدمت اور اپنے بچوں کو پیار کرنے کی نیّتیں
٭ اللہ و رسول عَزَّ وَجَلَّ و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے حکم کی بجاآوَری کے لئے صِلۂ رِحمی اور اطاعت کرکے ان کا دل خوش کروں گا ٭ ان کی خدمت کر کے ان کے اِحسانات کا عملی شکر ادا کروں گا٭اپنی ہر ہر دعا میں ماں باپ کو یاد رکھوں گا٭ صِلۂ رِحمی کرتے ہوئے بچّوں کا دل خوش کرنے کے لئے بہ نیّتِ سنّت ان سے پیار کروں گا۔(بَہُت چھوٹے بچّوں کو بہ نیّتِ سنّت زبان دکھا کر بھی پیار کیا جا سکتا ہے)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
{26}اولاد ملنے کی نیّتیں
٭ اولاد ملے تا کہ پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی امّت میں اضافہ ہو٭ اولاد ملی تو سنّت کے مطابق تربیت کروں گا ہو سکا تو عالمِ دین بناؤں گا ٭ دائیں کان میں اذان اور بائیں میں اقامت کہوں گا ٭ کسی نیک بندے سے تَحْنِیْک کراؤں گا ۔