تَعَالٰی عَنْہ کہتے ہیں کہ مجھے ایک کافِر نے زَخْمی کر دیا اور میرے زَخْم سے خُون بند نہیں ہوتا تھا۔ میری والِدہ حضرت اُمِّ عمّارہ نے فوراً اپنا کپڑا پھاڑ کر زَخْم کو باندھ دیا اور کہا کہ بیٹا اُٹھو، کھڑے ہو جاؤ اور پھر جِہاد میں مَشْغُول ہو جاؤ۔ اِتّفاق سے وُہی کافِر حُضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے سامنے آگیا تو آپ نے فرمایا کہ اے اُمِّ عمّارہ!دیکھ تیرے بیٹے کو زَخْمی کرنے والا یہی ہے۔ یہ سنتے ہی حضرت بی بی اُمِّ عمّارہ نے جھپٹ کر اس کافِر کی ٹانگ پر تلوار کا ایسا بھرپور ہاتھ مارا کہ وہ کافِر گِر پڑا اور پھر چل نہ سکا بلکہ سُرین کے بل گھسٹتا ہوا بھاگا۔یہ مَنْظَر دیکھ کر حُضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہنس پڑے اور فرمایا کہ اے اُمِّ عمّارہ!تو خُدا کا شُکْر ادا کر کہ اس نے تجھ کو اتنی طَاقَت اور ہِمَّت عَطا فرمائی کہ تو نے خُدا کی راہ میں جِہاد کیا، حضرت بی بی اُمِّ عمّارہ نے عَرْض کی:یارسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! دُعا فرمائیے کہ ہم لوگوں کو جنّت میں آپ کی خِدْمَت گزاری کا شَرَف حاصِل ہو جائے۔ اس وَقْت آپ نے ان کے لیے اور ان کے شوہَر اور ان کے بیٹوں کے لیے اس طرح دُعا فرمائی:اَللّٰھُمَّ اجْعَلْھُمْ رُفَقَائِیْ فِی الْـجَنَّةِ۔ یا اللہ!ان سب کو جنّت میں میرا رفیق بنا دے۔حضرت بی بی اُمِّ عمّارہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا زِنْدَگی بھر عَلانیہ یہ کہتی رہیں کہ رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی اس دُعا کے بعد دنیا میں بڑی سے بڑی مصیبت بھی مجھ پر آجائے تو مجھے اس کی کوئی پَروا نہیں ہے۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
………سیرتِ مصطفےٰ، ص ۲۷۹