اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
درودِ پاک کی فضیلت
سرکارصلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکا فرمانِ برکت نشان ہے:جو میرے حق کی تعظیم کرتے ہوئے مجھ پر درودِ پاک بھیجتا ہے، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّاس سے ایک فرشتہ پید ا فرماتاہے جس کا ایک پَر مشرق میں ،دوسرا مغرب میں ، اس کی دونوں ٹانگیں ساتوِیں زمین میں اور گردن عرش کے نیچے ہوتی ہے۔ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّاُسے فر ماتا ہے: تم میرے بندے پر اسی طرح درودِ پاک بھیجو جس طرح اس نے میرے نبی پر بھیجا۔’’ پس وہ فرشتہ تا قیامت اس بندے پر درود بھیجتا رہے گا۔‘‘(فردوس الاخبار،باب الالف،۱/۱۷۰،حدیث:۱۱۳۱)
{1}روحانی منظر
نویدکالونی(گجرانوالہ، پنجاب پاکستان)کے مقیم اسلامی بھائی کے حلفیہ بیان کامفہوم ہے، دعوتِ اسلامی کے مشکبار مدنی ماحول سے وابستہ ہونے سے پہلے میں سنّتوں پر عمل کرنے سے محروم اور فیشن پرست نوجوان تھا ، گانے باجوں کا اس قدر شوقین تھا کہ میں نے ایک سو سے زائد گانوں کی کیسٹیں جمع کی ہوئی تھیں ، کارخانے میں گانے سننے میں مشہور تھا۔