طرح وضو کر کے اس جگہ آجاتا ہوں جہاں میں نماز پڑھنا چاہتا ہوں ، جب میرے اعضاء پر سکون ہوجاتے ہیں تو میں نماز کے لئے کھڑا ہوتا ہوں ۔ اس وقت کعبہ کو اپنے سامنے، پل صراط کو قدموں کے نیچے، جنت کو دائیں ، دوزخ کو بائیں ، ملک الموت کو پیچھے اور اس نماز کو اپنی آخری نماز سمجھ کر خوف و امید کے درمیان کھڑا ہوجاتا ہوں دل سے تصدیق کرتے ہوئے تکبیر کہتا ہوں ، ٹھہر ٹھہر کر تلاوت کرتا ہوں ، تواضع کے ساتھ رُکوع کرتا ہوں ، خشوع کے ساتھ سجدہ کرتا ہوں ، بائیں ران پر بیٹھتا ہوں ، بائیں پیر کو بچھاتا اور دائیں کو کھڑا کرتا ہوں اور سراپا خلوص بن جاتا ہوں مگر یہ نہیں جانتا کہ میری نماز قبول ہوئی یا نہیں ۔
حضرتِ ابن عباس رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا کا قول ہے: خضوع و خشوع کی دو رکعتیں سیا ہ دل والے کی ساری رات کی عبادت سے بہتر ہیں ۔
فرمانِ نبوی ہے: اخیر زمانہ میں میری امت کے کچھ ایسے لوگ ہوں گے جو مسجدوں میں حلقہ بنا کر بیٹھیں گے، دنیا اور دنیا کی محبت کا ذکر کرتے رہیں گے، ان کی مجالس میں نہ بیٹھنا اللہ تَعَالٰی کو ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔(1)
نماز میں چوری
حضرت حسن رَضِیَ اللہُ عَنْہ کہتے ہیں ، نبی کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: کیا میں تم کو بدترین چور بتاؤں ؟ صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عَنْہُم نے عرض کیا: حضور وہ کون ہیں ؟ آپ نے فرمایا: وہ نماز چُرانے والے ہیں ۔ عرض کیاگیا: حضور نماز میں چوری کیسے ہوتی ہے؟ آپ نے فرمایا: وہ رکوع اور سجدہ صحیح طور پر نہیں کریں گے۔(2)
فرمانِ نبوی ہے: قیامت کے دن سب سے پہلے نماز کے متعلق پوچھا جائے گا، اگر نمازیں پوری ہونگی تو حساب آسان ہوجائے گا، اگر نمازیں کچھ کم ہونگی تو اللہ تَعَالٰی فرشتوں سے فرمائے گا: اگر میرے بندے کے کچھ نوافل ہوں تو ان سے ان نمازوں کو پورا کردو۔(3)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…المعجم الکبیر ،۱۰/۱۹۹، الحدیث ۱۰۴۵۲
2… مسند احمد، مسند الانصار، حدیث ابی قتادۃ الانصاری، ۸/۳۸۶،الحدیث ۲۲۷۰۵(عن ابی قتادہ)
3…ا بوداود ، کتاب الصلاۃ ، باب قول النبی کل صلاۃ۔۔۔الخ، ۱/۳۲۹، الحدیث ۸۶۴ (بتغیر قلیل و ملخصًا)