باب69
ممانعت سود خوری
سودخوری کی ممانعت میں کافی آیات نازل ہوئی ہیں اور بہت سی احادیث بھی اس سلسلہ میں وارد ہوئی ہیں ، چنانچہ بخاری اور ابوداؤد کی حدیث ہے کہ حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے جسم پر نقش گودنے والے اور نقش گدوانے والے، سود دینے والے اور سود لینے والے پر لعنت کی ہے اور کتّے کی قیمت لینے اور بدکاریوں سے منع فرمایا اور تصویر بنانے والوں پر لعنت فرمائی ہے۔(1)
احمد، ابویعلی، صحیح ابن خزیمہ اورصحیح ابن حبان نے حضرتِ ابن مسعود رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے روایت کی ہے:انہوں نے فرمایا: سود لینے والا، سود دینے والا، اس پر گواہ بننے والے، اس کی تحریر کرنے والے پر جبکہ اسے معلوم ہوکہ یہ تحریر سود کے لئے ہورہی ہے، جسم پر پھول گودنے والے، پھول گدوانے والے پر جو اپنی خوبصورتی کے لئے ایسا کرتا ہے، صدقہ سے انکار کرنے والا اور بدوی جو ہجرت کے بعد پھر مرتد ہوا، سب محمد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی زبان مبارک سے ملعون قرار پائے ہیں ۔ (2)
حاکم نے بسند صحیح روایت کی ہے: حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم نے فرمایا کہ چار شخص ایسے ہیں جن کے لئے اللہ تَعَالٰی نے لازم کردیا ہے کہ انہیں جنت میں داخل نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ اس کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوں گے، شرابی، سودخور، ناحق یتیم کا مال کھانے والا اوروالدین کا نافرمان۔(3)
حاکم کی ایک روایت ہے جسے صحیح قرار دیا گیا ہے کہ سود کے تہتّر دروازے ہیں جن میں سے سب سے کمتر یہ ہے کہ جیسے کوئی شخص اپنی ماں سے نکاح کرلے۔(4)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…بخاری،کتاب الطلاق ، باب مہر البغی۔۔۔الخ ، ۳/۵۰۹، الحدیث ۵۳۴۷
2…مسند احمد، مسند عبداللہ بن مسعود، ۲/۱۲۱، الحدیث ۴۰۹۰
3…المستدرک للحاکم ،کتاب البیوع ، باب اربی الربا۔۔۔الخ ، ۲/۳۳۸، الحدیث ۲۳۰۷
4…المستدرک للحاکم ،کتاب البیوع ، باب اربی الربا۔۔۔الخ ، ۲/۳۳۸، الحدیث ۲۳۰۶