ہو، وُضو میں جو فرائض اور سنن ہیں ، انہیں جانتا ہو کیونکہ یہ نماز کے مکمل کرنے کا ایک واسطہ ہیں اور شیطان کے مکروں کو جانتا ہو اور ان کے دفعیّہ کے لئے اپنی کوشش صرف کرے۔
وُضو تین چیزوں سے مکمل ہوتا ہے: ’’پہلا‘‘ یہ کہ تو اپنے دل کو کینہ، حسد اور عداوت سے پاک کرے، ’’دوسرا‘‘ یہ کہ اپنے بدن کو گناہوں سے پاک کرے، ’’تیسرا‘‘ یہ کہ پانی کو ضائع نہ کرتے ہوئے اپنے اعضاء وُضو کو خوب اچھی طرح دھوئے۔
لباس تین چیزوں سے مکمل ہوتا ہے:’’پہلا‘‘ یہ کہ وہ حلال کی کمائی سے حاصل کیا گیا ہو، ’’دوسرا‘‘ یہ کہ نجاست سے پاک ہو ، ’’تیسرا‘‘ یہ کہ اس کی وضع قطع سنت کے مطابق ہو اور تکبر و خودبینی کے لئے ان کپڑوں کو نہ پہنا گیا ہو۔
پابندیٔ وقت تین چیزوں پر منحصر ہے: ’’اول‘‘ یہ کہ تو اتنا علم رکھتا ہو کہ سورج، چاند ستاروں سے تو وقت کے تعین میں مدد لے س کے، ’’دوم‘‘ یہ کہ تیرے کان اذان کی آواز پر لگے رہیں ، ’’سوم‘‘ یہ کہ تیرا دل نماز کے وقت کی پابندی کے متعلق متفکر ہو۔
استقبالِ قبلہ تین چیزوں سے مکمل ہوتا ہے:’’پہلا‘‘ یہ کہ تیرا منہ کعبہ کی سمت ہو، ’’دوسرا‘‘ یہ کہ تیرا دل اللہ کی طرف متوجہ ہو اور’’ تیسرا‘‘ یہ کہ تو انتہائی انکساری سے حاضر ہو۔
نیت تین چیزوں سے مکمل ہوتی ہے:’’پہلا‘‘ یہ کہ تجھے علم ہو کہ تو کونسی نماز پڑھ رہا ہے، ’’دوسرے‘‘ یہ کہ تجھے اس بات کا علم ہو کہ تو اللہ کی بارگاہ میں کھڑا ہو رہا ہے اور وہ تجھے دیکھ رہا ہے اور تو خوف زدہ ہو کر حاضر ہو،’’تیسرے‘‘ یہ کہ تجھے معلوم ہوکہ اللہ تَعَالٰی تیرے دل کے بھیدوں کو جانتا ہے لہٰذا تو اپنے دل سے دنیاوی خیالات یکسر ختم کردے۔
تکبیر تحریمہ بھی تین چیزوں سے پایۂ تکمیل تک پہنچتی ہے:’’پہلا‘‘ یہ کہ تم صحیح معنوں میں اللہ تَعَالٰی کی بڑائی بیان کرو اور صحیح طور پر اللہ اکبر کہو، ’’دوسرا‘‘ یہ کہ اپنے دونوں ہاتھ کانوں کے برابر تک اٹھاؤ، ’’تیسرا‘‘ یہ کہ تکبیرکہتے ہوئے تمہارا دل بھی حاضر ہو اور انتہائی تعظیم سے تکبیر کہو۔
قیام بھی تین چیزوں سے کامل ہوتا ہے:’’ پہلی‘‘ یہ کہ تیری نگاہ سجدہ گاہ پر ہو، ’’ دوسرا‘‘ یہ کہ تیرا دل اللہ کی طرف متوجہ ہو،’’ تیسرا‘‘ یہ کہ تو دائیں بائیں توجہ نہ کرے۔